مصالحتی آرڈیننس پر ملا جلا ردعمل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قومی مصالحتی آرڈیننس کے اجراء پر ماہرین قانون ملا جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ اس آرڈیننس کا اجراء بلاجواز ہے جبکہ کچھ قانون دان کہتے ہیں کہ یہ ایک خوش آئندہ اقدام ہے اور اس کا اطلاق تمام سیاسی افراد پر ہونا چاہئے۔ سابق وزیر قانون ایس ایم مسعود نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی مصالحتی آرڈیننس کا اجراء ایک اچھا قدم ہے کیونکہ اس سے سیاسی عناد کی بنیاد پر قائم کیے گئے مقدمات ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کے بقول بیرون ملک اگر کوئی مقدمہ آٹھ دس سال عدالت میں زیر التواء رہتا ہے تو ایک خاص مدت کے بعد یہ از خود ہی ختم ہو جاتا ہے جبکہ پاکستان میں سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات التواء کا شکار رہتے ہیں جس سے سیاسی مخالف کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اشتر اوصاف علی کی رائے ہے کہ آرڈیننس اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب اسمبلی کا اجلاس نہ ہو رہا ہو، لیکن حکومت نے یہ آرڈیننس دانستہ طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے سے دو روز بعد جاری کیا ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ آرڈیننس آئین کی شق پچیس کی خلاف ورزی ہے اور ایک امتیازی قانون ہے۔ ان کے بقول اس آرڈیننس کے اجراء کے تحفظ کے لیے کوئی قانونی اور اخلاقی جواز موجود نہیں ہے۔ قانونی ماہر خواجہ حارث کا کہنا ہے کہ حکومت نے قومی مصالحتی آرڈیننس کے نام پر ایک انوکھا کام کیا ہے۔ ان کے مطابق اٹھارہ سواٹھانوے کے ضابطہ فوجداری کے قانون کی شق چارسو چورانوے کے تحت استغاثہ عدالت کی اجازت سے کوئی مقدمہ واپس لے سکتا ہے۔ تاہم استغاثہ یا ریاست از خود یہ مقدمہ واپس لینے کے مجاز نہیں ہوتے۔ ان کے بقول ماضی میں بہت سی ایسی مثالیں ہیں جب استغاثہ نے عدالت میں مقدمات واپس لینے کی درخواست دی لیکن عدالت نے اس کو مسترد کردیا۔ ان کا موقف ہے کہ آرڈیننس میں مقدمات واپس لینے کے لیے ایک خاص مدت کا ذکر کیا ہے جس سے بظاہر یہ لگتا ہے کہ یہ قانون کسی ایک محضوص گروہ کو فائدہ پہنچانے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آرڈیننس صرف قانون سازی کا مرحلہ ہے اور یہ آئین کا حصہ نہیں ہے اس لیے اس کو عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ ان کے بقول اگر آئین میں کوئی ایسی ترمیم کی جائے جو دستور کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہو تو اس ترمیم کو بھی چیلنج کیا جاسکتا ہے۔
ان کی رائے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ آرڈیننس نہ صرف امتیازی قانون ہے بلکہ یہ ایک کھلا فراڈ ہے۔ ماہر قانون منظور ملک نے کہا ہے کہ قومی مصالحتی آرڈیننس نہ صرف بلاجواز ہے بلکہ یہ ایک ناقص قانون ہے۔ ان کے بقول مقدمات کو واپس لینے کے لیے پہلے سے قانون موجود ہے، بلکہ نیب آرڈیننس میں مقدمات کو واپس لینے کی شق بھی شامل ہیں۔ ’مقدمات کو واپس لینے کے قانون کی موجودگی میں قومی مصالحتی آرڈیننس کا اجرا کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘ انہوں نے واضح کیا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت استغاثہ کو مقدمات واپس لینے کےلیے عدالت کی اجازت درکار ہوتی ہے اور عدالت کی اجازت کے بغیر کوئی مقدمہ واپس نہیں لیا جاسکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی مصالحتی آرڈیننس عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے۔ ان کی رائے میں اس آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے کیونکہ آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کے خلاف کوئی قانون نہیں بنایا جاسکتا۔ ان کے بقول عدالت اس پس منظر کا بھی جائزہ لے سکتی ہے، جس کے تحت یہ قانون جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آرڈیننس مفاد عامہ میں نہیں بلکہ سیاسی اور ذاتی ضرورت کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ ان کے بقول آرڈیننس کی قانونی مدت صرف چار ماہ ہوتی ہے اور چار ماہ اگر نئی اسمبلی اس کو منظور نہیں کرتی تو یہ قانون اپنی مدت مکمل ہونے کے بعد ازخود ہی ختم ہوجائےگا۔ قانون دان عابد ساقی کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کا اجراء ایک عبوری قانون سازی ہوتی ہے کیونکہ کسی بھی آرڈیننس کی آئینی مدت صرف ایک سو بیس دن یعنی چار ماہ ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اگر چار ماہ کی مدت میں اسمبلی کسی آرڈیننس کو منظور نہیں کرتی تو یہ آّرڈیننس ازخود ہی ختم ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی مصالحتی آرڈیننس کے اجراء سے سیاسی عناد کی بنیاد پر قائم ہونے والے مقدمات ختم ہونگے اور اس قانون کا اطلاق تمام سیاسی افراد پر ہونا چاہئے۔ |
اسی بارے میں قومی مصالحتی آرڈیننس جاری 05 October, 2007 | پاکستان مصالحتی آرڈیننس، مسودے پر اتفاق04 October, 2007 | پاکستان ’عام کارکنوں کو بھی معافی ملے گی‘04 October, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||