پیمرا ترامیم عدالتوں میں چیلنج | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشرف حکومت کی طرف سے گزشتہ روز جاری کیے گئے پیمرا ترمیمی آرڈیننس اور نجی ٹی وی چینلز کی نشریات کی بندش کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ یہ پٹیشن ایک شہری اقبال کاظمی نے دائر کی ہے۔ ادھر اسلام آباد میں مسلم لیگ نواز کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے بتایا ہے کہ ان کی جماعت نے بھی پیمرا آرڈیننس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ اقبال کاظمی کی درخواست میں وزارتِ اطلاعات و نشریات، پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی یعنی پیمرا اور صوبائی وزارتِ اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت کے دعوے کرتی رہی ہے مگر اس کے برعکس آزادی سلب کرنے کے لیے مختلف آرڈیننس اور قوانین نافذ کیے جارہے ہیں جس میں پیمرا کا ترمیمی آرڈیننس بھی ہے۔ نواز لیگ کے سکریٹری اطلاعات احسن اقبال نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کیونکہ یہ آرڈیننس اور اس میں کی گئی تازہ ترامیم انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کے ساتھ ساتھ سیاسی اور شہری آزادیوں کے ان بین الاقوامی کنونشنوں کی بھی خلاف ورزی ہے جنہیں پاکستان نے تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں سیاسی کارکنوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاریاں ہوئی ہیں اور اب تک ان کی جماعت کے کم ازکم ساڑھے پانچ سو کارکنوں اور عہدیداروں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی رہنما چوہدری نثار علی نے کہا کہ یہ گرفتاریاں صحافت کو پابہ زنجیر کرنے کے خلاف سات تاریخ کے ملک گیر یومِ سیاہ میں سیاسی کارکنوں کی شرکت روکنے کی ایک کوشش ہیں۔ بقول چوہدری نثار کابینہ کو اعتماد میں لئے بغیر صرف ایک شخص کے حکم پر پیمرا کو سنسر بورڈ کے فرائض سونپ دیئے گئے ہیں۔ میڈیا اور سیاسی جماعتوں کے خلاف سختیوں کی تازہ لہر حالیہ کور کمانڈرز کانفرنس کے بعد شروع ہوئی ہے۔ چوہدری نثار علی نے خبردار کیا کہ مشرف حکومت فوج اور عوام کو آمنے سامنے لانے کی کوشش کررہی ہے جو نہایت خطرناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس آئندہ ماہ لندن میں منعقد ہوگی اور آئندہ چند روز میں اسکی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔ |
اسی بارے میں میڈیا پر کنٹرول کے لیے نئے قوانین04 June, 2007 | پاکستان پاکستان: چینلوں کی بندش، احتجاج04 June, 2007 | پاکستان چینلز پر پابندی، مشعل بردار جلوس04 June, 2007 | پاکستان ’پیمرا آرڈیننس بڑا دھچکا ہے‘ 19 May, 2005 | پاکستان پیمرا کا ترمیم شدہ بِل منظور15 February, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||