مشرف اور حکومت پر شدید تنقید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں باجوڑ کے مدرسے پر بمباری کے خلاف متحدہ قبائلی اتحاد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلان کیا کہ اسلامی تحریک جاری رہیگی۔ شہر کے پشتون آبادی کے اکثریتی علاقے سہراب گوٹھ سے متحدہ قبائل اتحاد کی زیر انتظام یہ جلوس نکالا گیا، جس کا اختتام قائدِاعظم محمد علی جناح کی مزار کے عقب میں ہوا جہاں رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرین میں باجوڑ اور دیگر قبائل کے لوگوں کی اکثریت تھی۔ اور وہ بسوں، ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور ’الجہاد الجہاد‘، ’امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے‘، ’مشرف اور شوکت سطان مردہ باد‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر صحافیوں کو باجوڑ جانے کی اجازت دینے اور واقعے کی تحقیقات سپریم کورٹ کے جج سے کرونے کے مطالبات تحریر تھے۔ مظاہرین سے متحدہ قبائل اتحاد کے رہنما شاہد خان، شیر زمان، مولانا سلیم اللہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں مدرسے پر اس وقت معصوم بچوں پر بم برسائے گئے جب وہ تہجد کے لیے اٹھے تھے اور ان کے ہاتھوں میں کلام پاک تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کہتے ہیں کہ مدرسے میں دہشت گرد تھے، ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا انہیں وہاں سے کوئی میزائل یا راکٹ ملا ہے؟ ، وہاں سے کوئی اسلحہ نہیں ملا ہے یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ حکمران بتائیں کہ ان بچوں کا گناہ کیا تھا، کیا ان کا یہ جرم تھا کہ وہ دین اور اسلام کا راستہ دکھا رہے تھے۔ قبائلی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسلام کے لیے یہ جدوجہد آج کی نہیں ہے یہ صدیوں سے چلی آرہی ہے، ان کے مطابق جب تک خون کا ایک قطرہ بھی باقی ہے، وہ اسلامی تحریک کے لیے لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب ہوکر کہا کہ وہ کس کس کو شہید کریں گے اور کس کس پر میزائل برسائیں گے۔ وہ میزائل ماریں ہم اپنا دفاع کرینگے مگر جس دن مجاہدوں کا میزائل ان کو لگا تو وہ انشااللہ جہنم کی آخری کونے میں پہنچ جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کہتی ہے کہ یہ میزائل ہم نے چلائے جب کہ سب کو معلوم ہے کہ یہ افغانستان سے چلائے گئے تھے اس سے پہلے تو ہم نے پاکستان فوج کی ایسی بہادری نہیں دیکھی۔ رہنماؤں نے صدر جنرل پرویز مشرف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ میں کمانڈو ہوں مگر امریکہ کے ایک ٹیلیفون پر وہ ڈھیر ہوجاتے ہو، اس ملک کے لیے ایک حقیقی کمانڈو چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے مجاہد اور بہادر عوام کو ایک بہادر صدر کی ضرورت ہے، نہ کہ اس بزدل کی جو امریکہ کے ایک اشارے پر پورا ملک اس کے حوالے کردیتا ہے۔ اس سے قبل جماعت اسلامی کی جانب سے لسبیلہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں باجوڑ واقعے کی مذمت کی گئی۔ دریں اثنا صبح کو سندھ اسمبلی میں ایم ایم اے کی جانب سے باجوڑ واقعے کے خلاف پیش مذمتی قرارداد پیش کی گئی جس کو اکثریت نے مسترد کردیا۔ اس دوران پی پی پی اور ایم ایم اے کے اراکین نے احتجاج کیا اور ایوان میں امریکی ایجنٹ مردہ باد، شرم کرو ڈوب مرو کے نعرے لگائے گئے۔ شور اور شرابے کے بعد اسپیکر نے اجلاس پیر تک ملتوی کردیا۔ |
اسی بارے میں باجوڑ کے زخمی: شدت پسند یا معصوم؟03 November, 2006 | پاکستان باجوڑ مکمل ہڑتال، اسمبلی اجلاس ملتوی 03 November, 2006 | پاکستان شمالی وزیرستان: ’مخبر‘ عالم کا قتل03 November, 2006 | پاکستان مدرسہ کی تعمیر3 ماہ میں: جماعت02 November, 2006 | پاکستان حکومت کو مطلوب مولوی فقیر کون؟01 November, 2006 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||