| | ہلاک شدگان کو اجتماعی قبروں میں دفنایا جا رہا ہے |
صوبہ سرحد کی تحصیل بالاکوٹ میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اس زلزلے سے جہاں اس قصبے کی زیادہ تر عمارتیں اور مکانات منہدم ہو گئے ہیں وہیں کوئی گھر ایسا نہیں جس کا ایک نہ ایک فرد اس آفت کا نشانہ نہ بنا ہو۔ زلزلے کے بعد آنے والے تین دنوں میں پہلے تو مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکالنے کی کوشش کی۔ بعد میں اس کوشش میں غیر ملکی امدادی ٹیمیں بھی شامل ہو گئیں اور انتھک کوششوں کے بعد ایک سکول کی منہدم عمارت سے چودہ بچوں کو زندہ نکال لیا گیا۔ اس وقت چار مختلف ممالک کی امدادی ٹیمیں یہاں زندہ لوگوں کو تلاش کر رہی ہیں۔ پاک فوج کی بڑی مشینری بھی ملبہ ہٹانے کے کام میں مصروف ہے۔ زلزلے کے چوتھے دن جہاں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے وہیں پر اجتماعی قبروں میں ہلاک شدگان کو دفن کیا جا رہا ہے۔ علاقے میں پاکستانی فوج، غیر ملکی ٹیمیں اور نجی فلاحی اداروں کے رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم خراب موسم بار بار ان کے کام میں خلل ڈال رہا ہے۔ بالاکوٹ سے متعلق مزید کہانیاں پڑھنے اور تصاویر دیکھنے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کریں
|