| | بالاکوٹ میں اکثر عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ |
بالاکوٹ سے ظفر عباس کی تازہ ترین رپورٹ اس وقت میں ایک سکول میں موجود ہوں جو کہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ سامنے پاکستان کا پرچم سرنگوں ہے۔ یہاں جو منظر ہے سامنے دریا بہہ رہا ہے اور تین اطراف جتنی بھی عمارتیں ہیں وہ سب مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ یہاں پر بیٹھ کر تباہی کا صحیح اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس وقت جو صورت حال ہے۔ سکول کے کمپاؤنڈ میں دو روز پہلے ایک اجتماعی قبر بنائی گئی تھی جس میں بیس کے قریب لوگ دفن کیے گئے تھے۔ کل ساری رات ایک اور اجتماعی قبر کھودی جاتی رہی ہے اور اب تک اس میں 13 لاشیں لائی جا چکی ہیں جبکہ چودویں شخص کی نماز جنازہ ابھی ادا کی گئی ہے۔ اس شحض کی لاش بھی اسی اجتماعی قبر میں دفن کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں رضاکار مختلف گاؤں سے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ پنجاب کے کئی علاقوں سے بھی یہاں آئے ہیں اور مختلف عمارتوں سے لاشیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چار مختلف ممالک کی ریسکیو ٹیمیں یہاں زندہ لوگوں کو تلاش کر رہی ہیں۔ اس طرح بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے۔ فوج کی بڑی مشینری بھی ملبہ ہٹانے کے کام میں مصروف ہے۔ اب کہا جا سکتا ہے کہ بالاکوٹ میں جو کچھ بھی ہوا، اب غیر ملکی ٹیمیں، سرکاری اہلکار اور رضاکار امدادی کاموں میں بڑے پیمانے پر حصہ لے رہے ہیں۔ |