| | لوگوں کے پاس سر چھپانے کی جگہ نہیں |
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور شمالی علاقوں میں حالیہ بارشوں سے سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے ہزاروں بے گھر زلزلہ زدگان کو خیموں کی شدید ضرورت ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار عامر احمد خان نے منگل کو ضلع باغ کے سترہ متاثرہ دیہات کا دورہ کر کے اطلاع دی ہے کہ ’جس طرف بھی جاؤ ایک ہی آواز آتی ہے خدا کا واسط ہے ہمیں خیموں کی ضرورت ہے ۔‘ دیہات کے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ زلزلے سے تو بچ گئے ہیں لیکن خدشہ یہ ہے کہیں وہ شدید ٹھنڈ کا شکار نہ ہو جائیں۔ منگل کو سارا دن ضلع باغ اور قرب و جوار کے علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور ہزاروں زلزلہ زدگان کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ دیہات کے لوگوں نے کہا کہ ان کے پاس خوارک، سبزیاں اور مرغیاں وغیرہ موجود ہیں لیکن ان کو رات بسر کرنے کے لیے خیموں کی اشد ضرورت ہے۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سرکاری اور نج اداروں کی طرف سے جو امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے ان میں زیادہ تر کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔ |