عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  بلوچستان میں کچھ عرصے سے سیاسی بے چینی اور حکومتی سکیورٹی اداروں سے تصادم کا سلسلہ جاری ہے |
بلوچستا ن کے شہر سبی اور ڈھاڈر کے درمیان مشکاف کے قریب نا معلوم افراد نے گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی ہے۔ یہ پائپ لائن کوئٹہ کی طرف آ رہی ہے جس میں پولیس کے مطابق دس فٹ پائپ دھماکے سے اڑ گیا ہے۔ پولیس اہلکار جیون نے بتایا ہے کہ دھماکے سے زمین میں چھ فٹ گڑھا پڑ گیا ہے۔ سبی سے مقامی صحافی دین محمد نے بتایا ہے کہ دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ جس جگہ دھماکہ ہوا ہے وہ ایک میدانی علاقہ ہے اور سڑک سے کچھ دور ہے۔ یاد رہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کل قلات کو گیس سپلائی کا افتتاح کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں دھماکوں میں اصافہ ہوا ہے کوئی دو ہفتے پہلے اسی مقام پر گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا جس کی زمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ |