عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  بلوچستان میں حالات بگڑتے جارہے ہیں |
بلوچستان کے شہر سبی کے قریب ریلوے پل اور پٹڑی کو یکے بعد دیگرے چار بم دھماکوں سے اڑا دیا گیا ہے۔ ریلوے اور لیویز حکام نے بتایا ہے کہ رات ساڑھے دس بجے کے قریب ڈمبولی ریلوے سٹیشن سے دو کلو میٹر دور ریلوے کے پل کے نیچے چار بم نصب کیے گئے تھے جو یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پل اور پٹڑی مکمل تباہ ہو گئے ہیں لیکن کسی قسم کا کوئی جا نی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ریلوے اہلکار نے سبی سے بتایا ہے کہ ابھی تک ان کے پاس تفصیلات نہیں پہنچیں ہیں جبکہ لیویز کنٹرول روم میں موجود ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ اس وقت تمام ریل گاڑیوں کو جہاں ہیں وہاں روک دیا گیا ہے اور اعلی حکام موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ یاد رہے جب سے سوئی میں گزشتہ ماہ کے اوائل میں لیڈی ڈاکٹر سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے تھاجس کے بعد سے صوبے کے مخلتف شہروں میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔ بم دھماکوں اور راکٹ باری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دو روز قبل نوشکی میں ریل کی پٹڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا جبکہ اس سے پہلے سبی کے قریب ریل کی تنصیبات پر حملے ہو چکے ہیں۔ ریلوے حکام نے دو روز پہلے کہا تھا کہ ریلوے تنصیبات کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کر دئے گئے ہیں پولیس کمانڈوز لیویّ کے اہلکار پٹڑی اور سٹیشن کے قریب تعینات کیے گئے ہیں جبکہ فرنٹیئر کور کی سات نئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں اس کے باوجود حملوں میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ بجلی کے تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے بعد سے مختلف علاقوں کی بجلی تا حال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔ سوموار کی صبح نا معلوم افراد نے بارکھان میں ٹیلیفون کے ٹاور اور کنٹرول روم کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا۔
|