این اے 127 پر ضمنی انتخابات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
الیکشن کمشن نے جمعرات کو لاہور کی قومی اسمبلی کی نشست این اے127 پر ضمنی انتخاب کرانے کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ یہ نشست پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔ شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 10 سے 13 جنوری تک جمع کروا سکتے ہیں جبکہ اس حلقے میں پولنگ 27 فروری کو ہو گی۔ علامہ طاہرالقادری نے پچھلے سال نومبر میں قومی اسمبلی میں وردی سے متعلق بل پیش کرنے پر ایوان کے فلور پر احتجاجاً استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب صدر جنرل مشرف وردی میں رہیں گے تو پارلیمنٹ مسلسل بے اختیار رہے گی جس کے بعد ایسی اسمبلی کے رکن ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔ قومی اسمبلی کے سپیکر چوہدری امیر حسین نے دسمبر میں علامہ طاہرالقادری کا استعفیٰ منظور کیا تھا۔ اپوزیشن اتحاد نے اس حلقے سے متفقہ امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا اعلان اے آر ڈی کے اگلے اجلاس میں کیا جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||