کراچی میں ضمنی انتخابات دوبارہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ کے شہر کراچی کی دو قومی اور ایک صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر منعقد کردہ ضمنی انتخابات کے نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے 9 اگست کو دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ 243 سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار عبدالوسیم کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔ بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) ارشاد حسن خان کی صدارت میں ہونے والے کمیشن کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے بعد یہ حکم جاری کیا گیا۔ کمیشن کے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ بارہ مئی کو کراچی کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں 240 ، 243 اور 246 جبکہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ 127 میں ضمنی انتخابات ہوئے تھے جس کے نتائج دھاندلی کی شکایات کے بعد روک دیئے گئے تھے۔ قومی اسمبلی کی تین حلقوں کے نتائج روکے گئے تھے جس میں سے ایک پر متحدہ قومی موومینٹ کے امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا جبکہ باقی دو قومی اور ایک صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر دوبارہ ضمنی انتخابات ہوں گے۔ پر تشدد کاروائیوں میں الیکشن کمیشن کے مطابق مبینہ طور پر ایم کیو ایم اور متحدہ مجلس عمل کے کارکنان کے جھگڑے میں آٹھ افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے تھے۔ متحدہ مجلس عمل نے ایم کیو ایم پر پولنگ ایجنٹوں کو اغوا کرنے پرتشدد کاروائیاں اور دھاندلی کرنے کے الزامات لگا کر دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ جبکہ ایم کیو ایم نے ان پر الزامات لگانے والوں پر جوابی الزامات عائد کیے تھے۔ حکم میں بتایاگیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن کے رکن اور سندھ ہائی کورٹ کے حاضر سروس جج ، جناب جسٹس محمد صادق لغاری کو پندرہ دن کے اندر ’سمری انکوائری‘ کرکے رپورٹ دینے کا پابند کیا گیا ہے۔ انہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ امیدواروں ، پولیس اور دیگر حکام کا مؤقف بھی معلوم کیا جائے۔ فاضل جج و رکن الیکشن کمیشن ابتدائی تحقیقات کے بعد ایک سے زیادہ ارکان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی سفارش کی تھی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ان کی سربراہی میں قائم کمیشن سے تحقیقات شروع کی۔ حکم میں چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات کے موقعہ پر اٹھائے گئے اقدامات کا بھی تفصیلی ذکر کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے مکمل انتظامات کیے تھے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ جن حلقوں میں شدید بے قائدگیاں ہوئی ہیں ان میں دوبارہ انتحاب کا حکم دیا گیا ہے۔ الیکشن کمشنر نے حکم میں سندھ حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ نو اگست کو دوبارہ انتخابات کے موقعہ پر فول پروف انتظامات کیے جائیں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||