BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 31 May, 2004, 23:00 GMT 04:00 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
امام بارگاہ پر حملہ، فائرنگ، 20 ہلاک

کراچی
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ امام بارگاہ میں واقع وضو خانہ اور ٹرسٹ کادفتر منہدم ہو گیا
کراچی میں محمد علی جناح روڈ پر واقع ایک شیعہ مسجد میں بم دھماکے میں کم سے کم بیس افراد ہلاک اور چالیس کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔

ایک اور واقعہ میں زخمیوں کو لے جانے والی ایک ایمبولینس پر پولیس کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

واقعہ کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی اور مختلف واقعات میں اٹھارہ گاڑیوں اور تین پیٹرول پمپوں کو آگ لگادی گئی ہے۔

صدر جنرل پرویز مشرف نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ جلد ہی اہم فیصلے کریں گے۔

وزیرِ اطلاعات شیخ رشید احمد نے کہا کہ کہ صدر مشرف نے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے۔

صدر نے کہا :’میں سخت اقدامات کروں گا، مفتی شمزائی کی ہلاکت کے بعد چوبیس گھنٹوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے‘۔

وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالرؤف چوہدری کے مطابق ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ حملہ کس نے کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ فرقہ وارانہ تشدد کا ایک واقعہ دکھائی دیتا ہے۔

حکام ان اطلاعات کی تحقیق کر رہے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اپنے آپ کو نمازی ظاہر کرنے والے ایک شخص نے دھماکہ سے کچھ دیر پہلے ایک بریف کیس امام بارگاہ میں چھوڑ دیا تھا۔

بم دھماکہ نماز مغرِبین کے وقت امام بارگاہ علی رضا میں ہوا جو محمد علی جناح روڈ پر واقع ہے۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ امام بارگاہ میں واقع وضو خانہ اور ٹرسٹ کادفتر منہدم ہو گیا اور بارگاہ کے گُنبد کوشدید نقصان پہنچا۔

کراچی
زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ہنگامی حالات کا اعلان کردیاگیا

دھماکہ سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے جنہیں ایمبولینسوں میں تین مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا گیا۔

ہسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ بہت سے لوگ بری طرح جل گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد خاصی دیر تک امدادی کام ہوتا رہا اور زخمیوں اور متاثرین کو ملبے سے نکالنے کی کارروائی جاری رہی۔

وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کے بہت دیر بعد تک حکومت سندھ کا کوئی نمائندہ، پولیس کے اعلٰی حکام موقع پر نہیں پہنچے تھے۔ جبکہ آس پاس کے لوگ اپنے لواحقین کو تلاش کرتے رہے اور اسی دوران وہاں بجلی بھی چلی گئی اور اندھیرا چھا گیا، جس سے امدادی کام مزید متاثر ہوا۔

بعد میں محمد علی جناح روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور پولیس کی ایک گاڑی سمیت اٹھارہ گاڑیوں اور تین پیٹرول پمپوں کو آگ لگادی گئی۔

اس دوران زخمیوں کو ہسپتال کے جانے والی ایک ایمبولینس پر پولیس کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس ایمبولینس کے اندر سے پولیس پر فائرنگ کی گئی اور جوابی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

لیکن شیعہ تنظیم پاسبان عزا کے ترجمان نے اس کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بلاجواز فائرنگ کی گئی۔

کراچی
زخمیوں میں کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے

پولیس اور رینجرز نے مجمع کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے پھینکے اور ہوائی فائرنگ کی۔ گڑ بڑ سے شہر کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں اور ریلوے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملیر کے علاقے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سےٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

جن دیگر علاقوں میں گڑ بڑ کے واقعات ہوئے ان میں پرانی نمائش، انچولی اور عباس ٹاؤن شامل ہیں۔ ان علاقوں میں مظاہرین نے ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کو معطل کر دیا۔

کئی جگہوں پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم بھی ہوا۔ بعض اطلاعات کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے گولی بھی چلائی۔

تاہم پولیس کے انسپکٹر جنرل کے مطابق پولیس نے صرف آنسو گیس کے گولے پھینکے۔

مئی کے مہینے کے آخری دن مزید پندرہ افردا کی بم دھماکہ میں ہلاکت سے اس ماہ ہنگاموں اور بم دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد پچاس سے زائد ہوگئی ہے اور یوں یہ اس سال کا خونی ترین مہینہ تھا۔

رات گئے کراچی کے مکین اس بات کا انتظار کر رہے تھے کہ صدر پرویز مشرف کراچی کے حالات پو قابو پانے کے لئے کون سے اقدامات کرنے والے ہیں جن کی طرف وفاقی وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے اشارہ کیا ہے۔

اقدامات جو بھی ہوں صدر مشرف کو فوری طور پر ایک حتمی فیصلہ کرنا ہوگا اور وہ یہ ہے کہ امن و امان کی بحالی ایک اہم ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی جا سکتی۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد