BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 23 December, 2008, 11:24 GMT 16:24 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
الیکشن کی کامیابی کا راز

فائل فوٹو
مبصرین کا کہنا ہے کہ الیکشن کی’کامیابی‘ کو سمجھنے کے لئے پاکستان اور پاکستان کے حمایت یافتہ ملی ٹینٹوں کے کردار کو سمجھنا ضروری ہے

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جون سے اگست تک ہند مخالف تحریک کے باوجود حکومت ہند پولنگ یا ووٹنگ کی ایک اچھی شرح حاصل کرنے میں کیسے کامیاب ہوئی؟ وادی میں انتخابی عمل اختتام کو پہنچ رہا ہے، لیکن یہ سوال عوامی اور سیاسی حلقوں میں ایک بحث کا موضوع بن چکا ہے۔

بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ الیکشن کی’کامیابی‘ کو سمجھنے کے لیے پاکستان اور پاکستان کے حامی شدت پسندوں کے کردار کو سمجھنا ضروری ہے۔ ان کا خیال ہے کہ حالیہ الیکشن دراصل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پچھلے پانچ سال سے جاری امن عمل کا ایک نتیجہ ہے، اس کے درمیان میں جو تحریک یہاں چلی اسے ایک غیر متوقع ہلچل کہا جاسکتا ہے جس نے پہلے سے موجود جذبات کو ایک سمت دی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ دو ہزار دو میں کشمیر میں نئی مخلوط سرکار کے اقتدار میں آتے ہی یہاں کے ہندنواز لیڈروں کا رابطہ اچانک پاکستان کے ساتھ اُستوار ہوگیا۔

عمرعبداللہ دو بار پاکستان گئے اور جنرل مشرف کے ساتھ ملاقات کی۔ محبوبہ مفتی کا بھی پاکستان میں استقبال ہوا اور غیر متوقع طور صدر پاکستان آصف زرداری نے ان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ یہی نہیں بلکہ دوسرے درجہ کے ہندنواز سیاستدان بھی کسی نہ کسی بہانے پاکستان جاتے رہے اور وہاں کے اہل اقتدار کے ساتھ ملاقاتیں کرتے رہے۔ ان میں مولانا افتخار انصاری، عبدالرحیم راتھر، حکیم یٰسین، کمیونسٹ لیڈر محمد یوسف تاریگامی اور کشمیر پر ہندوستانی موقف کی حمایت کرنے والے درجنوں ’امن رضاکار‘ شامل ہیں۔

غلطی
 زمین تنازعہ پر جو تحریک اُٹھی اس کی وجہ سے لیڈر حالات کو بھانپنے میں غلطی کربیٹھے۔ پچھلے پانچ سال سے جو کچھ کمٹمنٹ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تھی وہ تین ماہ کی احتجاجی مہم سے بدل نہیں سکتی تھی
رضاکار خُرم پرویز

ان دوروں کے بعد پاکستان اور کشمیر میں انتخابات اور اسمبلی کی نمائندہ حیثیت کےحوالے سے ایک بحث چِھڑ گئی اور بتدریج ایک مائنڈ سیٹ ترتیب پایا۔ یہاں تک کہ پاکستان میں مقیم ممنوعہ عسکری گروپوں کی مخلوط انجمن متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے گرما میں ہی اعلان کیا کہ اگر لوگ اپنی مرضی سے ووٹ ڈالینگے تو بندوق کی نوک پر بائیکاٹ کروانے کا کوئی جواز نہیں ہوگا۔

اس کے بعد مقامی جماعت اسلامی نے سید علی گیلانی کی بائیکاٹ پالیسی کی مخالفت کیے بغیر یہ واضح کیا کہ وہ گھر گھر بائیکاٹ مہم کے حق میں نہیں ہیں۔ اس طرح قریب پندرہ سال بعد عوامی حلقوں میں ووٹنگ کی طرف دوبارہ میلان پیدا ہوگیا۔

اسی اثنا میں ایک وقت ایسا آیا کہ سید علی گیلانی بائیکاٹ کے اکیلے حامی رہ گئے تھے اور کئی اخبارات نے علیٰحدگی پسند سیاست میں ان کے الگ تھلگ پڑ جانے پر اداریے تحریر کیے۔ لیکن جب جون میں امرناتھ شرائن بورڑ کے لیے زمین کی منتقلی پر عوامی ردعمل یکایک ہندمخالف تحریک میں بدل گیا تو سبھی لیڈروں نے گیلانی کی سوچ کے گرد اپنا سیاسی محور کھینچ لیا۔

آزادی کاز
 لوگوں کو لگنے لگا کہ جو لوگ ووٹ مانگ رہے ہیں وہ بھی تو مسئلہ کشمیر کی بات کرتے ہیں۔ بات چیت کی دہائی دیتے ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بات کرتے ہیں۔ لہٰذا لوگوں کو سمجھ آیا کہ ووٹ مانگنے والے آزادی کے کاز کے اس قدر دُشمن نہیں ہیں، جیسا کہ عمومی خیال ہے۔ اس سے ایک نظریہ بنا کہ ووٹ سے مسئلہ کشمیر کی حقانیت یا آزادی کی تحریک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ بھی ایک فیکڑ ہے
شیخ شوکت حسین

باخبر مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک طویل اور ٹھوس تناظر کو سمجھے بغیر میر واعظ عمر اور اس کے ہم خیال لیڈروں نے یہ قیاس کرلیا کہ لوگ بائیکاٹ کرینگے۔

کشمیر میں انسانی حقوق اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے کام کرنے والے نوجوان رضاکار خُرم پرویز کہتے ہیں: ’ زمین تنازعہ پر جو تحریک اُٹھی اس کی وجہ سے لیڈر حالات کو بھانپنے میں غلطی کربیٹھے۔ پچھلے پانچ سال سے جو کچھ کمٹمنٹ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تھی وہ تین ماہ کی احتجاجی مہم سے بدل نہیں سکتی تھی۔‘

قابل ذکر ہے کہ دو ہزار دو کے انتخابات میں پولیس ریکارڑ کے مطابق آٹھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جن میں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور دیگر سیاسی گروپوں کے پچہتر رہنما اور کارکن شامل ہیں۔ معنی خیز ہے کہ اس سال کے الیکشن میں اب تک ہوئے انتخابات کے مقابلے سب سے زیادہ اُمیدوار میدان میں تھے، لیکن کوئی سیاسی قتل نہیں ہوا۔

اُنیس سو نوے سے ہی الیکشن کے دوران مسلح شدت پسندوں کا معمول رہتا تھا کہ وہ پولنگ بوتھوں پر گرینیڈ پھینکتے تھے۔ لیکن نہ صرف اس بار مسلح گروپ الیکشن عمل سے کنارہ کش رہے بلکہ بیان بازی سے بھی احتراز کیا۔ شائد یہی وجہ ہے کہ ملی ٹینسی سے بُری طرح متاثرہ دیہات جیسے کپوارہ، ترال اور لولاب میں بھی اچھی شرح میں ووٹ پڑے۔

بعض حلقوں کا خیال ہے کہ پاکستان کے ساتھ جو امن عمل دو ہزار چار سے شروع کیا گیا، اس کا اہم نتیجہ یہ نکلا کہ کشمیر میں ہند نواز سیاست کا لب و لہجہ بدل گیا۔

کشمیر یونیورسٹی میں قانون اور انسانی حقوق کے استاد ڈاکٹر شیخ شوکت حُسین کا کہنا ہے کہ ’لوگوں کو لگنے لگا کہ جو لوگ ووٹ مانگ رہے ہیں وہ بھی تو مسئلہ کشمیر کی بات کرتے ہیں۔ بات چیت کی دہائی دیتے ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بات کرتے ہیں۔ لہٰذا لوگوں کو سمجھ آیا کہ ووٹ مانگنے والے آزادی کی کاز کے اس قدر دُشمن نہیں ہیں، جیسا کہ عمومی خیال ہے۔ اس سے ایک نظریہ بنا کہ ووٹ سے مسئلہ کشمیر کی حقانیت یا آزادی کی تحریک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ بھی ایک فیکڑ ہے۔‘

سات مرحلوں میں ہونے والے ان انتخابات میں عوام کی شمولیت شائد ِاس وجہ سے بھی حیرانی کا سبب بنی کہ ووٹنگ کا عمل شدید اور بھاری عوامی تحریک کے ساتھ ساتھ شروع ہوا۔ یہ خیال اپنی جگہ درست ہے ، کہ کشمیری ووٹر نے مقامی مسائل کے لیے ووٹ ڈالا اور آزادی کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہوا۔ لیکن اکثر مبصرین کشمیر میں انتخابات کی کامیابی کو پاکستان کی طرف سے ہندوستان کے لیے ’اعتماد سازی کا بہت بڑا قدم سمجھتے ہیں۔‘

کالم نگار ایم اے جاوید کہتے ہیں کہ ’یہ تو پاکستان کا سب سے بڑا سی بی ایم ہے۔ لیکن بد قسمتی کی بات ہے کہ اسی اثنا میں ممبئی پر دہشت پسندوں نے حملہ کیا اور اب اس تاریخی سی بی ایم کا جواب جنگی دھمکیوں سے دیا جا رہا ہے۔ شائد ممبئی کی آڑ میں ہندوستان اس تاریخی سی بی ایم کا جواب دینے سے بچ جائے۔ الیکشن تو ہوگئے۔ تصور کیجیے اگر ممبئی حملے نہ ہوئے ہوتے تو اس وقت ہم یہ سوچ رہے ہوتے کہ کامیاب الیکشن کے لیے پاکستان کے تعاون کا ہندوستان کیا جواب دے گا۔ لیکن اب ان انتخابات کا یہ پہلو لاتعلق سا لگتا ہے۔‘

 کشمیری ووٹرووٹ بھی آزادی بھی
کشمیری انتخابات، ووٹ بھی چاہیے اور آزادی بھی
شکیل احمداخوان یا ’بدنام‘محلہ
عسکریت پسندی سے فوج کی جاسوسی تک
ووٹ پڑے تو؟
کشمیر انتخاب میں زیادہ ووٹ پڑنے کی وجوہات!
سرکردہ سیاستدان
کشمیر کے اہم سیاسی چہروں پر ایک نظر
عثمان مجید’بھارت سے الحاق‘
سابق عسکریت پسند اور حالیہ امیدوار کا بیان
کشمیری ووٹرووٹ کیوں ڈالا ؟
ووٹنگ کی اچھی شرح پر کشمیریوں کی رائے
اسی بارے میں
ووٹ پڑے تو؟
22 November, 2008 | انڈیا
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد