BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: 21 February, 2008 - Published 16:42 GMT
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ووٹوں میں نمبر ون ہیں: پرویز الٰہی

پرویز الٰہی
’ہم دوستوں کا ساتھ نہیں چھوڑتے‘
مسلم لیگ (قائداعظم) پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اور اتحادیوں نے ملک بھر میں سب سے زیادہ یعنی 40 فی صد ووٹ لیے ہیں لیکن ہر حلقہ کی انفرادی سیاست کی وجہ سے اسمبلیوں میں زیادہ نشستیں حاصل نہیں کر سکے۔

یہ بات انہوں نے لاہور کے مسلم لیگ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے پہلے اسی جگہ مسلم لیگ قاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں جماعت کے کامیاب اور ناکام امیدواروں نے شرکت کی۔

چودھری پرویز الہی کے مطابق مسلم لیگ (ق) اور اس کی حلیف جماعتوں یعنی ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل نے سب سے زیادہ چالیس فی صد ووٹ لیے ہیں۔ پیپلز پارٹی سینتیس ووٹوں کے لحاظ سے دوسری اور مسلم لیگ نون صرف تینتیس فی صد ووٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن میں رہی ہے۔

چودھری پرویز الہی نے جن اعداد و شمار کا دعوی کیا ہے ان کی فی الحال الیکشن کمشن سے تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی ہے۔

انہوں نے کہا اگر صرف مسلم لیگ نون اور مسلم لیگ قاف کا موازانہ کیا جائے تو ق لیگ کہیں آگے ہے اور اس نے چاروں صوبوں سے سیٹیں لی ہیں جبکہ مسلم لیگ نون پنجاب کے ایک حصے تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پانچ برس کے دور حکومت سے مطمئن ہیں اور اس بات پر خوش ہیں کہ عوام نے سب سے زیادہ ووٹ دیکر ان کی کارکردگی کو سراہا۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ وہ خوشدلی سے اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں اور اب جیتنے والی جماعتوں کے وعدوں پر پہرہ دیں گے اور عوام کو یاد دلاتے رہیں گے کہ انہوں نے کیا کیا وعدے کیے اور کتنے پورے کیے۔انہوں نے کہا وہ ہرروز یاددلائیں گے کہ معزول عدلیہ ابھی تک بحال نہیں ہوئی ہے۔

پرویز الہی نے کہا کہ ان کی حکومت نے گیس کی پائپ لائن بچھا دی تھی اب اقتدار میں آنے والے اس میں گیس چھوڑیں اور بجلی کو اپنے وعدے کے مطابق مفت سے ذرا زیادہ قیمت پر فراہم کرنا شروع کر دیں۔

چودھری پرویز الہی مسلم لیگ قاف کی جانب سے وزیر اعظم کے غیر اعلان شدہ امیدوار تھے۔انہوں نے کہا صبح ان کی مولانا فضل الرحمان سے فون پر بات ہوئی ہے اور وہ کہہ رہے تھے کہ عجیب بات ہے کہ جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو حکومت بنانے کا کہہ رہے ہیں اور خود حکومت میں آنے سے خوفزدہ ہیں۔

پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ نون کے صدر مشرف سے مستعفی ہوجانے کے مطالبے پر تبصرہ کرتےہوئے انہوں نےکہا کہ صدر مشرف پانچ برس کے لیے منتخب ہوچکے ہیں اور ان کی جماعت نے انہیں منتخب کروایا تھا۔

پرویز الہی نے کہا کہ صدر مشرف کو ان کی جماعت کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔ان کے الفاظ تھے کہ ’ہم دوستوں کا ساتھ نہیں چھوڑتے‘۔

عام انتخابات میں شکست کے بعد مسلم لیگ قاف کا یہ لاہور میں پہلا اجلاس تھا جو پرویز الہی کی صدارت میں ہوا۔چودھری پرویز الہی نے مسلم لیگیوں کو کہا کہ وہ ان پر اعتماد کریں اور متحد رہیں۔

اسی بارے میں
ق لیگ ارکان کو نواز کی دعوت
20 February, 2008 | الیکشن 2008
’کسی سے اتحاد نہیں کریں گے‘
19 February, 2008 | الیکشن 2008
ویلنٹائن ڈے پر خلیل رمدے ڈے
14 February, 2008 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد