شہباز: نو سال بعد پِھر وزیراعلٰی بن گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب اسمبلی نے مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کو بلامقابلہ وزیراعلٰی پنجاب منتخب کرلیا ہے۔ پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر اتوار کی شام نومنتخب وزیر اعلٰی سے حلف لیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان یعنی وزیراعلٰی کےچناؤ کے لیےمسلم لیگ نون اور ان کی اتحادی جماعتوں کی طرف سے شہباز شریف نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ ان کے مدمقابل کسی دوسری جماعت یا رکن اسمبلی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ شہباز شریف وزارت اعلٰی کے عہدے کے واحد امیدوار ہونے کی وجہ سے بلامقابلہ وزیر اعلٰی منتخب ہوگئے۔اٹھاون سالہ شہباز شریف پنجاب کے اکیسویں وزیراعلٰی ہو نگے۔ شہباز شریف کو تین اگست سنہ دو ہزار دو میں مسلم لیگ نون کا صدر منتخب کیا گیا اور دو اگست سنہ دو ہزار چھ میں وہ دوبارہ مسلم لیگ نون کے صدر منتخب ہوئے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شہباز شریف کو رائے شماری کے دوران دو سوپینسٹھ ووٹ ملے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے جب شہباز شریف کی کامیابی کا اعلان کیا تو ایوان میں موجود ارکان اسمبلی نےنواز شریف اور بینظیر بھٹو کے حق میں نعرے لگائے۔ پنجاب اسمبلی میں حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ ق نے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر نہ ہونے پراس انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔ مسلم لیگ قاف نے اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی اور پنجاب اسمبلی کی عمارت کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا جسے’اپوزیشن چیمبر‘ کا نام دیا گیا۔ قبل ازیں جب اجلاس شروع ہوا تو سابق وزیراعلٰی دوست محمد کھوسہ نے تجویز دی کہ مسلم لیگ قاف نے اجلاس کی کارروائی کا علامتی بائیکاٹ کررکھا ہے اس لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان سے رابطہ کرکے ان کو بائیکاٹ ختم کرنے پر راضی کریں۔ سپیکر پنجاب نے رانا مشہود احمدخان کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس نے ایوان کو بتایا کہ مسلم لیگ قاف کے ارکان اسمبلی احتجاجی کیمپ سے جاچکے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر راجہ ریاض نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ قاف کوکڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا۔ پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلٰیٰ شہباز شریف نو برس کے بعد دوسری مرتبہ وزارت اعلٰی کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔ اٹھارہ فروری کے انتخابات کے دوران ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی وجہ سے انتخاب نہیں لڑسکے تھے اور ان کی جگہ دوست محمد کھوسہ عارضی طور پر وزیر اعلٰی منتخب ہوئے تھے۔ تاہم ضمنی انتخاب میں شہباز شریف بھکر سے بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ | اسی بارے میں شہباز کا حلف، کھوسہ مستعفی06 June, 2008 | پاکستان نواز، شہباز کو نئے چیلنج کا سامنا05 June, 2008 | پاکستان شہباز کی اتوار کو حلف برداری06 June, 2008 | پاکستان شہباز منتخب: نوٹیفیکیشن جاری03 June, 2008 | پاکستان آئینی پیکج:شہباز، زرداری ملاقات 03 June, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||