شہباز کا حلف، کھوسہ مستعفی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کے رکنِ پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کے وزیراعلی دوست محمد کھوسہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور گورنر پنجاب نے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب تک بطور نگران وزیراعلی کام کرتے رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سرکاری ترجمان نے دوست محمد کھوسہ کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے۔ وہ دوست محمد کھوسہ شہباز شریف کے حق میں اس عہدے سے دستبردارہوئے ہیں جبکہ ان کے استعفے کے ساتھ ہی آئین کے مطابق پنجاب کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہے۔ شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں بلامقابلہ کامیاب قرار پائے جانے بعد جمعہ کے روز خصوصی طور پر بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حلف اٹھایا۔ جب وہ حلف اٹھانے کے لیے پہنچے تو ان کے حامی اراکین اسمبلی نے ’شیر آیا شیر آیا‘ کے نعرے لگائے۔ جب شہبازشریف نے حلف اٹھایا تو ایوان میں ’ویلکم ویلکم شہباز‘ اور ’گومشرف گو‘ کے نعرے لگے۔ دریں اثناء پی سی او کے تحت معرض وجود میں آنے والی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہْباز شریف کی بطور رکن صوبائی اسمبلی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کے خلاف حکم امتناعی جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کہتے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے اُمیدوار خرم شاہ نے لاہور ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے شہباز شریف کے صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے خلاف حکم امتناعی جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جسٹس موسیٰ لغاری پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے درخواست گزار سے کہا کہ وہ دوسرے فریق کو سنے بغیر میاں شہباز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف حکم امتناعی جاری نہیں کر سکتے۔
عدالت نے وفاق، الیکشن کمیشن اور میاں شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی سماعت نو جون تک ملتوی کر دی ہے۔ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی ایک ہی روز قبل اپنے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں شہباز شریف کو وزیر اعلی نامزد کرچکی ہیں۔ شہباز شریف نے اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ دو ماہ کے دوران ان کی حکومت کی کارکردگی ٹھیک نہیں رہی لیکن اب وہ بجٹ میں عوام کو بھر پور ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔ان سے پوچھا گیا کہ بطور وزیر اعلی وہ صدرپرویز مشرف سے کیسے تعلقات رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایوان صدر کے ساتھ آئین و قانون کے مطابق تعلقات کار رکھے جائیں گے۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صوبے کو پیپلز پارٹی کا قلعہ بنانے کے بیان کے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ’ہم پورے پاکستان کو اپناقلعہ سمجھتے ہیں اور پورے ملک کو مضبوط کریں گے‘۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ پی سی او کے حلف یافتہ ججوں کو نہیں مانتے اور عدلیہ بحالی کے لیے وکلاء کی تحریک کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کی لانگ مارچ کا مسلم لیگ نون جگہ جگہ استقبال کرے گی۔ شہباز شریف اگرچہ ابھی وزیراعلی منتخب نہیں ہوئے لیکن اجلاس کی کارروائی کے دوران وہ نشست پر بیٹھے جو قائد ایوان کے لیے مخصوص سمجھی جاتی ہے جبکہ وزیراعلی دوست محمد کھوسہ برابر والی نشست پر بیٹھے تھے۔
دوست محمد کھوسہ نے ایوان میں داخل ہونے سے پہلے ہی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہہ دیا تھا کہ وہ آج شام تک اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اعلی ان کے پاس امانت تھی جسے وہ واپس سونپ کر خوشی محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جب وہ مستعفی ہونگے تو ساتھ ہی پوری کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی۔ حکمران اتحادی جماعتیں اعلان کرچکی ہیں کہ دوست محمد کھوسہ کے مستعفی ہونے کے بعد سنیچر کو وزارت اعلی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے اور اتوار کو انتخاب عمل میں آئے گا جس میں شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہونگے۔ اسی شام وہ گورنر ہاؤس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔ بارہ اکتوبر سنہ انیس سو ننانوے کو جب چیف آف آرمی سٹاف نے وزیر اعظم میاں نوازشریف کا تختہ الٹا تو شہباز شریف پنجاب کے وزیر اعلی تھے۔ فوج نے انہیں گرفتار کرلیا تھابعد میں ایک معاہدے کے تحت وہ جلاوطن کردیئے گئے اور سنہ دوہزار دو کے انتخابات میں حصہ نہ لے سکے۔اٹھارہ فروری دوہزار آٹھ کے انتخابات میں انہیں اور ان کے بڑے بھائی کو نااہل قرار دیا لیکن ان انتخابات میں ان کی جماعت کے اراکین بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے۔ اب شہباز شریف ضمنی انتخابات کے لیے بھکر کے حلقہ پی پی اڑتالیس سے بلامقابلہ ایم پی اے منتخب ہوچکے ہیں۔ان کے بڑے بھائی سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لاہور کے حلقہ ایک سو تئیس قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔ |
اسی بارے میں انتخابی اہلیت، شریف برادران کی طلبی05 June, 2008 | پاکستان نواز، شہباز کو نئے چیلنج کا سامنا05 June, 2008 | پاکستان نواز، شہباز کو نئے چیلنج کا سامنا04 June, 2008 | پاکستان شہباز منتخب: نوٹیفیکیشن جاری03 June, 2008 | پاکستان لاہور: نئے وزیراعلٰی کی حلف برداری12 April, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||