نواز راولپنڈی سے دستبردار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نواز شریف نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 52 سے کاغذات واپس لینے اور صرف لاہور سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے راولپنڈی کے حلقہ این اے باون سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے رہے ہیں اور صرف لاہور کے حلقہ این اے ایک سو تئیس سے انتخاب لڑیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے مخالف امیدوار نے الیکشن ٹریبونل میں دائر کردہ اعتراضات واپس لے لیے ہیں اس لیے اب لاہور سے ان کے ضمنی انتخابات لڑنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔ خیال رہے کہ نواز شریف کے مخالف اور مسلم لیگ(ق) کے امیدوار اخلاق گڈو نے قومی اسمبلی حلقہ کے ایک سو تئیس سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کو لاہورہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے سامنے چیلنج کیا تھا اور ٹربیونل کے روبرو ان کی درخواست کی سماعت ستائیس مئی کو ہونا تھی۔ این اے باون سے دستبرداری کے بعد نواز شریف کو اپنے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات دور کرنے کے لیے اس الیکشن ٹریبونل میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی جو ہائی کورٹ کے ان ججوں پر مشتمل ہے جو پی سی او کےحلف یافتہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے کاغذات منظور ہوچکے ہیں،اب ان کے خلاف کوئی اپیل نہیں ہے کوئی اعتراض کسی عدالت میں باقی نہیں رہا اور اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ پریس کانفرنس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ’ آج ہم سرخرو ہیں اور میں این اے باون سے اپنے کاغذات واپس لے رہا ہوں اب میں صرف این اے ایک سو تئیس سے الیکشن لڑوں گا۔ اس حلقے کے لوگوں کی قومی اسمبلی میں نمائندگی کروں گا اور پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی کروں گا‘۔ نواز شریف نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ وہ پی سی او کے حلف یافتہ ججوں کو تسلیم نہیں کرتے اوران کے نزدیک افتخار محمدچودھری ہی حقیقی چیف جسٹس ہیں۔ میاں نواز شریف نے اپنی پریس کانفرنس میں اس خفیہ ٹیلی فون ریکارڈنگ کا ذکر بھی کیا جو چند گھنٹے قبل مسلم لیگ ن کے ترجمان احسن اقبال نے میڈیا کو جاری کی تھی۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرانے کے لیے ایک سازش کی گئی تھی جس میں ان کے بقول صدر پرویز مشرف اور اعلی عدلیہ کے پی سی او کے تحت حلف یافتہ دو چیف جسٹس صاحبان بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل پیر کی صبح لاہور ہائی کورٹ کے ججوں پر مشتمل الیکشن ٹربیونلز نے ضمنی انتخابات کے لیے مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر شدہ درخواستوں پر نوٹس جاری کیے تھے۔ بی بی سی اردو کے عباد الحق کے مطابق ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونلز نے نواز شریف کے خلاف درخواست پر اٹھائیس مئی جبکہ ان کے بھائی شہباز شریف کے خلاف درخواستوں پر تیس مئی کے لیے نوٹس جاری کیے۔ٹربیونل کے روبرو درخواست گزار ناصر راجہ کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ نواز شریف پاکستانی عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں اور ان سزاؤں میں نااہلی کی سزا بھی شامل ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نواز شریف نے ان سزاؤں کے خلاف اپیل دائر نہیں کی تھی اس لیے وہ اب انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ عدالت انہیں کسی بھی عوامی یا سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دے چکی ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اکرم قریشی کی سربراہی میں قائم الیکشن ٹربیونل نے لاہور کی صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں سے شہباز شریف کے کاغذات کی منظوری کے خلاف درخواستوں پر ان کو تیس مئی کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔ شہباز شریف نے لاہور سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اکتالیس اور ایک سو چون سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔شہباز شریف کے مخالف امیدواروں کی طرف سے ان کے وکیل قاضی محی الدین نے دلائل میں کہا کہ شہباز شریف نے سنہ دو ہزار دو اور سنہ دو ہزار سات میں ہونے والے انتخابات کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے لیکن ان کی کاغذات مسترد ہوگئے تھے۔ وکیل نے مزید کہا کہ شہباز شریف ناہندہ ہیں اور انہوں نے جلاوطنی کے معاہدے کے حوالے غلط بیانی کی ہے اس لیے وہ آئین کی دفعہ باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔ | اسی بارے میں ’اپیل نہیں کی تھی لہذا نواز شریف نااہل ہیں‘26 May, 2008 | پاکستان ’الیکشن سے باہر رکھنے کی سازش‘26 May, 2008 | پاکستان نوازشریف: کاغذات نامزدگی چیلنج23 May, 2008 | پاکستان ’عدلیہ پر حملے سے ملک بدنام ہوا‘24 December, 2007 | پاکستان آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے25 November, 2007 | پاکستان کوئی ڈیل نہیں، ملک سے آمریت کا خاتمہ کرنے آیا ہوں: نواز شریف25 November, 2007 | پاکستان ’شریف گرفتار کیوں نہیں ہوئے‘17 October, 2007 | پاکستان ’نواز شریف نومبر میں پھر واپس‘15 October, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||