’الیکشن سے باہر رکھنے کی سازش‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ نون کے ترجمان اور مستعفی وزیر احسن اقبال نے میڈیا کو ایک آڈیو ریکارڈنگ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شریف برادران کے کاغذات نامزدگی مسترد کرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کو سنائی جانے والی یہ ریکارڈنگ دو افراد کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی ایک مبینہ گفتگو ہے جس میں کہا گیا اسلام آباد میں(شریف برادران) کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی بات ’فائنل‘ ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ نون کے ترجمان احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ٹیپ میں ایک آواز مسلم لیگ قاف کے رہنما سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ہے تاہم چودھری پرویز الہی نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ سنائی جانے والی آواز ان کی نہیں ہے۔ انہوں نے’بے بنیاد‘ الزامات عائد کرنے پر مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ انہوں نے اس ٹیپ کی ماہرین سے یا لیبارٹری سے کوئی جانچ نہیں کرائی ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ آواز پرویز الٰہی کی ہے۔ مسلم لیگ قاف پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہی نے اس ٹیپ کو جھوٹ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ان کی آواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ واضح طور پر بتاتے کہ یہ ٹیپ کہاں سے آئی ہے اور انہوں نے کس دفتر سے اسے ریکارڈ کروایا ہے۔ مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پرویز الہی کی کسی دوسرے شخص سے ٹیلی فونک گفتگو پر مبنی آڈیو کیسٹ کو ایک بند پیکٹ میں نامعلوم شخص مسلم لیگ نون کے دفتر میں چھوڑ گیا تھا اور وہ اس ریکارڈنگ کو بار بار سننے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایک آواز واضح طور پر پرویز الہی کی ہے۔ دو افراد کے درمیان ہونے والی گفتگو پنجابی زبان میں تھی۔ احسن اقبال نے ایک آواز کو پرویز الہی کی آواز قرار دیا ہے اور دوسرے شخص کی ان کے بقول وہ شناخت نہیں کر سکے۔ مسلم لیگ نون کے ترجمان احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ اٹھارہ فروری کے عام انتخابات کے لیے میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی صدر پرویز مشرف کے کہنے پر مسترد کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی مختلف ریٹرنگ افسروں نے منظور کیے ہیں اور’یہ بات ایوان صدر اور مسلم لیگ قاف کے لیے سونامی ثابت ہوئی ہے‘۔ اس حوالے سے پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے امیدواروں نے شریف برادران کے کاغذات نامزدگی کو عدالتوں میں چیلنج کر رکھا ہے اور یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دو الگ الگ باتوں کو جوڑ کر بنائی گئی ایک ٹیپ بھی ہو سکتی ہے اور ان کی جعلی آواز بھی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح گفتگو کےحصے جوڑ کر مختلف ٹی وی چینلز مزاحیہ پروگرام بناتے ہیں اور یہ ٹیپ بھی کسی ایسے ہی طریقے سے بنی ہوگی۔ | اسی بارے میں ’اپیل نہیں کی تھی لہذا نواز شریف نااہل ہیں‘26 May, 2008 | پاکستان نوازشریف: کاغذات نامزدگی چیلنج23 May, 2008 | پاکستان باسٹھ نکاتی آئینی پیکج تیار: آصف23 May, 2008 | پاکستان ’مشرف کو آئینی صدر نہیں مانا‘24 May, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||