ترکی: ’دولت اسلامیہ‘ سے تعلق کے شبہے میں دس گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
ترکی میں مقامی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شام کی سرحد پر شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے دس مشتبہہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اس میں سے ایک خود کش دھماکے والی بیلٹ بھی پہنے ہوئے تھا۔
یہ گرفتاریاں استنبول شہر میں تین روز قبل بم دھماکے کے بعد کی گئی ہیں جس میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مقامی خبر رساں ایجنسی دوغان نے ایک فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشتبہ افراد کو جنوبی ریاست غزیانتیپ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ سرحد پار کرکے ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس ایجنسی کے مطابق جس گروپ کو حراست میں لیا گیا ہے اس میں ایک شخص نے دھماکہ خیز مواد سے لوڈ ایک جیکیٹ پہن رکھی تھی جو کسی بھی وقت دھماکے کے لیے تیار تھی۔

،تصویر کا ذریعہDHA
ایجنسی نے ان افراد کی جو تصاویر شائع کی ہیں اس میں انہیں اپنے سر کے پیچھے بندھے ہاتھوں میں دیکھا جا سکتا ہے اور اس میں ایک دھماکہ خیز بیلٹ بھی ہے۔
پولیس سنیچر کو استنبول میں ہونے والے بم دھماکے کے سلسلے میں بعض مشتبہ افراد کی تلاش میں ہے اور اسی تلاشی مہم کے دوران ان افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
استنبول میں ہونے والے دھماکے میں چار غیرملکی بشمبول ایرانی اور اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جبکہ 39 افراد زخمی میں ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
استنبول میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم حکومت کا کہنا ہے جس مقامی گروپ نے یہ دھماکہ کیا تھا اس کا تعلق دولت اسلامیہ سے ہے۔







