امریکہ میں برفانی طوفان سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی

امریکہ کی مشرقی ریاستوں میں حالیہ تاریخ کے شدید ترین برفانی طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے اور اب تک 20 ریاستوں میں 8 کروڑ 50 لاکھ افراد اس برفباری سے متاثر ہو چکے ہیں۔

برف پڑنے کا سلسلہ جمعے سے شروع ہوا اور اس دوران کچھ علاقوں میں 102 سینٹی میٹر (سوا تین فٹ سے زائد) تک برف پڑ چکی ہے۔ جس کے باعث ریلوے اور فضائی سروس کا نظام برح طرح مفلوج ہو چکا ہے۔

اب تک اس برفانی طوفان کے نتیجے میں 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 11 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے کہا ہے کہ شہر میں دو فٹ تک برف پڑ سکتی ہے اور یہ طوفان شہر کی تاریخ کے پانچ بدترین برفانی طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

سنیچر کو ایک نیوز کانفرنس میں انھوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ سڑک سے دور رہیں۔ ’یہ بری چیز ہے اور بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔‘

برفانی طوفان تھمنے کے بعد اب برف کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنبرفانی طوفان تھمنے کے بعد اب برف کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے

میئر بلاسیو نے بھی ایک حکم نامے کے ذریعے شہر میں سنیچر کی دوپہر ڈھائی بجے کے بعد سے تمام غیر ضروری سفر پر پابندی لگا دی ہے۔

طوفان کے نتیجے میں دسیوں ہزاروں مکانات بجلی سے محروم ہیں اور ریاست کینٹکی میں جہاں اب تک سب سے زیادہ برف پڑی، ہزاروں گاڑیاں ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ٹریفک میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کی لائن 35 میل لمبی ہے۔

شدید برفانی طوفان کے باوجود بعض لوگ تفریح کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشدید برفانی طوفان کے باوجود بعض لوگ تفریح کر رہے ہیں

ماہرین موسمیات کے مطابق جب اتوار کے روز برفانی طوفان واشنگٹن ڈی سی سے گزرے گا تو اس وقت وہاں 30 انچ یعنی ڈھائی فٹ تک برف پڑ چکی ہو گی۔

واشنگٹن میں موجود بی بی سی کی نمائندہ لورا بیکر کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ شہر روپوش ہوگيا ہے۔ رہائشیوں کو یہ کہاگیا ہے کہ وہ طوفان کے گزر جانے تک کسی محفوظ مقام کو تلاش کر لیں اور وہیں رہیں۔ سڑکیں سنسان ہیں، ریستوران، بار اور سپرمارکیٹس بند ہیں۔

اس طوفان کا اثر جنوب میں آرکنساس سے شمال مشرق میں میساچوسیٹس تک ہونے کا امکان ظاہر کیا گيا ہے۔

ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے ریاست بھر میں سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام پل، سرنگیں، زیرِ زمین ریل سروس اور سڑکیں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

ریاست میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں نیوجرسی اور ورجینیا شامل ہیں۔

میئر بلاسیو نے بھی ایک حکم نامے کے ذریعے شہر میں سنیچر کی دوپہر ڈھائی بجے کے بعد سے تمام غیر ضروری سفر پر پابندی لگا دی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنمیئر بلاسیو نے بھی ایک حکم نامے کے ذریعے شہر میں سنیچر کی دوپہر ڈھائی بجے کے بعد سے تمام غیر ضروری سفر پر پابندی لگا دی ہے

نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے کہا ہے کہ شہر میں دو فٹ تک برف پڑ سکتی ہے اور یہ طوفان شہر کی تاریخ کے پانچ بدترین برفانی طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

طوفان کے نتیجے میں جمعے کی شب ہونے والے حادثات میں شمالی کیرولائنا، کینٹکی اور ٹینیسی میں نو افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک شخص سنیچر کی صبح میری لینڈ میں مکان کے باہر سے برف ہٹاتے ہوئے بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے مارا گیا۔

امریکی کی ریاستوں ٹینیسی، نارتھ کیرولائنا، ورجینیا، میری لینڈ، پینسلوینیا، ڈسٹرکٹ کولمبیا اور دیگر کئی ریاستوں کے بعض علاقوں میں ہنگامی صورت حال کا نفاذ کر دیا گيا ہے۔