برفانی طوفان سے نیویارک میں سات ہلاک، مزید برفباری کی پیشنگوئی

،تصویر کا ذریعہepa
امریکہ کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں ہیں اور ریاست نیویارک میں شدید برفانی طوفان سے بدھ کو متعدد ہلاکتوں کے بعد محکمۂ موسمیات نے جمعرات کو بھی مزید تین فٹ برف پڑنے کی پیشنگوئی کی ہے۔
ریاست میں بفلو شہر کے کچھ حصے اس وقت بھی پانچ فٹ برف تلے دبے ہوئے ہیں۔
امریکہ برفانی طوفان کی زد پر: تصاویر
نیویارک کے گورنر اینڈیو کومو نے اس برفانی طوفان کو ’ایک تاریخی واقعہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس دوران کئی پرانے ریکارڈ ٹوٹیں گے۔
امریکہ کی تمام 50 ریاستوں میں درجۂ حرارت بدستور نقطۂ انجماد سے نیچے ہے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
نیویارک میں سات افراد کی ہلاکت کی وجہ موسم کی خرابی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ان میں سے ایک شخص کار کے حادثے میں اور ایک کار میں پھنس کر ہلاک ہوا جبکہ پانچ افراد کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
نیویارک کے علاوہ مشی گن اور نیو ہمپشائر سے بھی کم از کم دو افراد کے سخت موسم کی وجہ سے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
امریکہ بھر میں سنیچر سے اب تک طوفان کی وجہ سے 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
بفلو شہر کے نواحی علاقے ایسٹ اورورا کے رہائشی جان جلوٹی نے بی بی سی کو بتایا کہ برفانی طوفان کے دوران کچھ لوگ ڈیڑھ دن تک اپنی گاڑیوں میں پھنسے رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ ’خوش قسمتی سے میں اس علاقے میں نہیں جہاں زیادہ برف پڑی۔ میرے گھر سے 15 منٹ کی مسافت پر واقع علاقہ چھ فٹ برف کے نیچے ہے۔‘
جان نے بتایا کہ ’ہمارے علاقے میں چار فٹ تک برف پڑی لیکن رات کو مزید دو فٹ کی پیشنگوئی ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘
ریاست نیویارک کے کئی حصوں میں ریل گاڑیوں کی سروس بھی معطل ہے اور بفلو جانے والی کئی شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
نیویارک کے علاوہ امریکہ کی کئی دیگر ریاستوں میں لوگ خراب موسمی حالات کی وجہ سے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
کئی جگہوں پر لوگ اپنے گاڑیوں میں پھنس گئے اور برفانی حالات اور تیز ہواؤں کی وجہ سے موٹروے پر حادثات ہوئے اور سکولوں کو بند کر دیا گیا۔
بدھ کو صرف ریاست نیویارک کی سڑکوں پر 100 سے زیادہ گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات ملی ہیں اور نیشنل گارڈز کے سو سے زیادہ اہلکار سڑکوں کو صاف کرنے اور برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں مصروف رہے۔
امریکی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ عین ممکن ہے کہ کچھ مقامات پر ایک دن میں زیادہ سے زیادہ برف باری کا ریکارڈ ٹوٹا ہو جو کہ اس وقت چھ فٹ چار انچ کا ہے۔







