امریکہ میں برفانی طوفان سے لاکھوں لوگ متاثر

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, حسن مجتبیٰ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیویارک
نیویارک اور امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سمیت امریکہ کے جنوب مشرق سے لے کر شمال مشرق تک شدید برفانی طوفان سے دس لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکہ کے موسمیاتی اور ماحولیاتی ماہرین نے ملک کے بڑے حصے میں آنے والے اس طوفان کو تاریخی اور تباہ کن قرار دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق شدید برفانی طوفان کی زد میں آنے والی امریکی ریاستوں میں برف کی موٹی چادر بچھ گئی ہے۔
پیکس نامی یہ شدید برفانی طوفان منگل کو رات گئے شروع ہوا اور بدھ تمام دن اور رات بھر جاری رہا۔
امریکی قومی محکمۂ موسمیات کے مطابق بدھ کو آنے والے طوفان سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
ملک کی جنوب مشرق ریاست جارجیا اور اس کے شہر بشمول ایٹلانٹا، شمالی کیرولائنا اور شمال مشرق میں دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، نیوجرسی، بوسٹن سمیت میساچوسٹس، فلاڈیلفیا، ریاست پینسلوانیا، میری لینڈ اور ورجینیا شامل ہیں جو طوفان کی لپیٹ میں آئے ہیں۔
دارالحکومت واشنگٹں ڈی سی میں وفاقی حکومت کے زیرِانتظام تمام محکموں کے دفاتر اور ادارے بدھ کے روز بند کردیے گئے جبکہ تمام سکول بھی بند رہے۔
جارجیا بھی طوفان میں بری طرح متاثر ہوا ہے، اور وہاں ریاستی و وفاقی حکومتوں نے ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے۔
ادھر نیویارک کے نو متنخب میئر ڈی بلازیو بچوں کے والدین، اساتدہ اور نیویارک کے شہریوں کے ایک بڑے حصے کی طرف سے شدید تنقید کاہدف بنے رہے کہ انہوں نے شدید اور خطرناک برفانی طوفان میں ان کے زیرِنگرانی سکولوں کو کھلا رہنے دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میئر ڈی بلازیو نے بدھ کی دوپہر محکمۂ تعلیم کی چانسلر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے شدید طوفان کے باوجود نیویارک میں سکول بند نہ رکھنے کی وجہ یہ بتائي کہ بہت سے والدین کے لیے کام سے چھٹی کرنا ناممکن اور مشکل ہوتا ہے اور ایسے بھی کئی والدین ہیں جو گھروں پر بے بی سٹرز یا بچہ کھلائی رکھنے کی استطاعت نہیں رکھتے اس لیے بچوں کے سکول کھلے رکھے گئے۔
امریکی موسمیات کے ٹی وی چینل کے مطابق اس شدید برفانی طوفان سے 50 ارب ڈالر کا اقتصادی نقصان ہوا ہے۔ نیویارک شہر سے کم از کم ایک حاملہ خاتون کی طوفان کے دوران حادثے میں ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیو جرسی سمیت کئی ریاستوں میں بدھ کی شدید برفباری میں دس سے بارہ انچ تک اور کہیں اس سے بھی زیادہ برف پڑی ہے، جبکہ نیویارک سمیت شمال مشرق میں برفباری کے ساتھ شدید بارش بھی ہوئی ہے۔







