امریکی شہر بوسٹن میں ریکارڈ برفباری

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ کے شہر بوسٹن میں برفباری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب سے موسم کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے بوسٹن میں اتنی شدید برفباری کبھی نہیں ہوئی۔
’نیشنل ویدر سروس‘ کا کہنا ہے کہ اس سال سردیوں میں شہر میں 108 اعشاریہ چھ انچ (275 اعشاریہ آٹھ سینٹی میٹر) تک برف پڑی ہے۔ اس سے قبل سنہ 1995 اور 96 کے دوران بھی بوسٹن میں بہت برفباری ہوئی تھی لیکن وہ بھی موجودہ سیزن سے کم تھی۔
بوسٹن میں برفباری کا ریکارڈ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے کے قریب ٹوٹا جب شہر میں دو اعشاریہ نو انچ تک برف پڑ گئی۔
اس سال میسیچیوسٹس شہر میں بھی بہت برفباری ہوئی ہے اور محکمۂ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سنہ 1872 کے بعد سے اب تک اس قدر شدید موسم پہلے ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ میسیچیوسٹس میں موسم کا ریکارڈ پہلی مرتبہ 1872 میں رکھا گیا تھا۔
امریکہ کی ’نیشنل ویدر سروس‘ نے اپنے فیس بک کے صفحے پر لکھا ’ بوسٹن! ریکارڈ کے مطابق تم شدید برفباری والے اس موسم ِ سرما میں بچ گئے ہو۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
حالیہ سرما میں بوسٹن میں شدید موسم کی وجہ سے سکول، عوامی سفر کی سہولیات اور کاروبار بند کرنے پڑے کیونکہ شہری خدمات کے محکمے برفباری سے نمٹنے میں مصروف تھے۔
بوسٹن میں ریکارڈ برفباری شروع ہونے سے قبل، سینٹ پیٹرکس پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسی موسمِ سرما کے آغاز پر بوسٹن نے برفباری کے باوجود نیو انگلینڈ پیٹریاٹس سپر باؤل چیمپئن شپ کی جیت کی خوشیاں منائیں۔
’نیشنل ویدر سروس‘ نے اس امکان کا اظہار کیا ہے کہ شاید اس سال برفباری کا ریکارڈ جو پہلے ہی ٹوٹ چکا ہے، مزید اوپر چلا جائے گا۔ سابقہ برسوں میں مارچ کے مہینے میں بوسٹن میں کئی انچ تک برف پڑی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی اس سال پہلے کی نسبت زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ لاس انجیلیز ٹائمز کے مطابق کوپن ہیگن نامی چھوٹے سے گاؤں میں اس سال 240 انچ تک برفباری ہوئی ہے۔







