شدید برفانی طوفان سے نیویارک اور بوسٹن میں زندگی معطل

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کی وجہ سے نیویارک اور بوسٹن میں زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ ماہرین موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ یہ طوفان معمولات زندگی کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سرمائی طوفان ’جونو‘ جرسی، مین اور نیو ہیمپشائر ریاستوں میں 25 انچ کے قریب برف باری کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات نے پہلے 36 انچ تک برفباری کی پیش گوئی تھی جسےگھٹا کر اب 25 انچ کر دیا گیا ہے۔
ان ریاستوں کے کچھ علاقوں میں ایک گھنٹے میں چار انچ برف پڑی۔ نیو یارک، نیو جرسی، کنیٹی کٹ، روڈ آئی لینڈ اور میساچوسٹس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پیر کو رات 11 بجے سے ہنگامی گاڑیوں کے علاوہ ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی ہے، اور زیرِ زمین ریل سروس معطل کر دی گئی ہے۔ بوسٹن میں بھی اسی قسم کی صورتِ حال ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
برفانی طوفان سے امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقوں میں واقع ہوائی اڈوں پر چھ ہزار پانچ سو پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔سوموار سے تمام کاروبار اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ تعلیمی ادارے کے بدھ تک کھلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔اس طوفان سے چھ کروڑ کے لگ بھگ لوگ متاثر ہوں گے۔
نیویارک کے میئر نے پریس کانفرنس میں لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ برف صاف کرنے والے 2300 ٹرکوں سے محتاط رہیں: ’ہم اس طوفان کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ اگلے چند گھنٹوں میں ہم دیکھیں گے کہ برفانی طوفان بہت تیزی سے اور بہت شدت سے ہم سے ٹکرائے گا۔‘
نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں ہی سے کام کریں۔ قومی محکمہ موسمیات کے گلین فیلڈ کا کہنا ہے کہ یہ برفانی طوفان پچھلے اندازوں سے بھی زیادہ شدت کا ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک اندازے کے مطابق دو کروڑ 80 لاکھ افراد اس برفانی طوفان کے راستے میں ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق میساچیوسٹس کے ساحلی علاقوں میں 75 میل فی گھنٹہ سے ہوائیں چلیں گی اور برفباری ہو گی۔
نیو ہیمپشائر کے علاقے کونکرڈ کی رہائشی کرسٹی کرے ہیڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ اپنا مکان چھوڑ کر اپنے دوستوں کے ہاں رہنے جا رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس جنریٹر ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
کرسٹی نے بتایا ’میں نے کبھی بھی یہاں تک کہ کرسمس کے دنوں میں بھی دکانوں میں اتنا رش نہیں دیکھا۔ میں نے گیلن والی پانی کی بوتلیں خریدیں۔ اب دکانوں میں چھوٹی بوتلیں ہی رہ گئی ہیں۔ دکانیں تقریباً خالی ہو چکی ہیں۔‘
امریکی موسمیاتی چینل کا کہنا ہے کہ طوفان اس علاقے میں پیر سے بدھ تک جاری رہے گا اور ’ممکنہ تاریخی سرد طوفان شمال مشرقی امریکہ میں پروازوں کی منسوخی اور تاخیر اور ہوائی اڈوں کی بندش کی وجہ بن سکتا ہے۔‘







