دبئی کے ہوٹل میں آتشزدگی سے 16 زخمی، تحقیقات جاری

،تصویر کا ذریعہAP
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ نئے سال کے جشن سے قبل 63 منزلہ ہوٹل میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کامیاب رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مرکزی علاقے میں دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج الخلیفہ کے قریب واقع 300 میٹر بلند ’دی ایڈریس ہوٹل‘ میں لگی آگ پر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد مکمل طور پر قابو پایا جا سکا ہے۔
آتشزدگی کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور 16 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
تاحال آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔
یہ آگ جمعرات کی شب برج الخلیفہ پر آتش بازی کے روایتی مظاہرے سے چند گھنٹے قبل بھڑکی تاہم حکام نے اس صورتحال کے باوجود آتش بازی کا پروگرام منسوخ نہیں کیا۔
آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ہول کے بالائی حصے سے ملبہ گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عملے کی چار ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش میں حصہ لیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب آگ لگی تو اس علاقے میں نئے سال کی تقریبات کے سلسلے میں لاکھوں افراد موجود تھے اور آتشزدگی کے بعد ہوٹل کے اردگرد کے علاقے کو خالی کروا لیا گیا تھا۔
ہوٹل میں آگ مقامی وقت کے مطابق رات 9:30 بجے لگے اور دس منٹ کے اندر آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دبئی کی حکومت نے عربی زبان میں ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ آگ ہوٹل کی 20ویں منزل پر لگی تھی۔ مذکورہ عمارت میں فائیو سٹار ہوٹل کے علاوہ رہائشی اپارٹمنٹس بھی واقع ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں 14 افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص کچھ زیادہ زخمی ہے اور ایک شخص کو دھوئیں اور بھیٹر کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں رہائش پذیر افراد کو متبادل جگہ فراہم کی گئی ہے۔
ایک سیاح میشیل ڈک جو دبئی میں موجود ہیں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ’اچانک ہم نے خلیفہ ٹاور اور ہوٹل کے درمیان فضا میں گہرے کالے دھویں کے بادل دیکھے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے مزید بتایا کہ ’آگ کے شعلے بلند ہوئے اور اس سے قبل کے ہمیں کچھ سمجھ آتی ایڈریس ہوٹل کی عمارت شعلوں کی لپیٹ میں آچکی تھی۔‘
ایک اور سیاح نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ عمارت سے ملبے کو گرتے ہوئے دیکھ رہی ہیں۔ ’آگ لگنے کے بعد برج الخلیفہ میں موجود لاکھوں افراد کو کہیں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے کیونکہ ہم ایک طرح برج الخلیفہ میں آتش بازی کے مظاہرے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
علاقے میں آگ کے باوجود بھی دبئی کے برج الخلیفہ پر سال 2016 کی آمد پر شاندار آتش بازی ہوئی۔
بی بی سی کے مشرق وسطیٰ کے ایڈیٹر سیبیسٹن اوشر کا کہنا ہے کہ آتش بازی کا یہ مظاہر دبئی کا طرہِ امتیاز ہے اور حکام چاہتے ہیں کہ عوام آگ کے بجائے آتش بازی کو دیکھیں۔ آگے سال کو دیکھیں۔







