تائیوان کے پارک میں آتشزدگی، 500 سے زائد زخمی

،تصویر کا ذریعہAP
تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے نواح میں موجود ایک تفریحی پارک میں آگ لگنے اور دھماکے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
آگ بجھانے والے عملے کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ شاید آگ رنگین پاؤڈر کے سپرے کرنے سے لگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ڈسٹرکٹ بالی میں واقع نیو تائی پے شہر کے فارموسا واٹر پارک میں ’کلر پلے‘ کے دوران پیش آیا۔
فوٹیج میں لوگوں کو خوف و ہراس کے عالم میں چیختے چلاتے ادھر ادھر بھاگتے جبکہ امدادی کارکنوں کو زخمیوں کو سٹریچر پر لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے ۔
اس آتشزدگی کے واقعے میں 180 سے زیادہ افراد بری طرح جھلس گئے ہیں جبکہ بعض لوگوں کی سانس کے ساتھ وہ پاؤڈر چلا گیا ہے جسے آگ کا سبب بتایا جا رہا ہے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف ہے۔

،تصویر کا ذریعہ
یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے شب کو پیش آیا اور صدر سٹیج کے قریب اس وقت تقریبا ایک ہزار آدمی تھے۔
خبر رساں ادارے سی این اے کے مطابق کچھ افراد 40 فیصد تک جھلس گئے ہیں۔
آگ بجھانے والے عملے کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ 215 میں سے 83 افراد شدید زخمی ہیں جبکہ 132 کو معمولی نوعیت کے زخمی آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ترجمان نے بتایا کہ سٹیج کے گرد تقریباً ایک ہزار لوگ جمع تھے جب ایک نامعلوم شے دھماکے سے پھٹ گئ۔
تائیوان میں مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے سے قبل ایک پاؤڈر نما چیز ہوا میں پھیلی تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

،تصویر کا ذریعہAP
آگ پر بہت جلد قابو پا لیا گیا اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں طبّی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔
نامہ نگار کے مطابق سنیچر کو شہر میں درجہ حرارت 36 ڈگری سے تجاوز کر گیا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے واٹر پارکس کا رخ کیا۔
آگ لگنے کے بعد شہری انتظامیہ نے فوری طور پر پارک کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ تائیوان میں آگ سے بچاؤ کے ناقص انتظامات، غیر قانونی طور پر عمارتوں کی تعمیر اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث گذشتہ چند سالوں میں آگ لگنے کے بڑے واقعات پیش آچکے ہیں۔
رواں سال کے آغاز میں بھی ایک حادثے کے دوران چھ فائر فائٹرز ہلاک ہو گئے تھے۔







