’سلطنت عثمانیہ کی یاد میں چنار لگائیں‘

،تصویر کا ذریعہWikimedia
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ملک کے قدیم ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے سلطنتِ عثمانیہ کے اعزاز میں ترکی کے جنگلات میں چنار کے درخت لگانے کا حکم جاری کیا ہے۔
وزیرِ جنگلات ویزل ایروگُلو نے ترکی کے اخبار حُریت کو بتایا کہ ’چنار کے درخت عثمانیہ دور کی نشانی تھے اور ہم اپنے صدر کے احکامات پر سوگت کے علاقے میں، جہاں سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھی گئی تھی، پودوں کی ایک مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ صدر اردوغان آئندہ برس وہاں پہلی شجر کاری کریں گے جبکہ اسی طرح کے دیگر ایک لاکھ پودے استنبول میں لگائے جائیں گے جو عثمانی دور میں قسطنطنیہ کے نام سے سلطنت کا آخری دارالحکومت تھا۔
ایروگُلو نے 1299 میں سلطنتِ عثمانیہ کی بنیاد رکھنے والے سلطان عثمان کی کہانی دہراتے ہوئے چنار کے درخت کی تاریخی اہمیت پر زور دیا۔ سلطان عثمان نے خواب میں آسمان کو چُھوتے ہوئے درخت دیکھے تھے۔

،تصویر کا ذریعہWikimedia
تاہم وزیرِ جنگلات نے اس فیصلے کے ماحولیاتی پہلو کا بھی حوالہ دیتے ہوئے اِن درختوں کی بدولت پارکوں، ہسپتالوں اور سکولوں میں ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت مقامی کونسلوں کے مطالبے پر اُنھیں مفت پودے فراہم کرے گی۔
حُریت اخبار کے مطابق یہ اسلامی مملکت کے صدر اردوغان کی صرف سلطنتِ عثمانیہ کے دور کی بحالی کی کوشش نہیں ہے۔ سلطنتِ عثمانیہ کا خاتمہ سنہ 1923 میں قوم پرست رہنما کمال اتاترک کی سیکولر جمہوریہ کے حق میں بادشاہت نظامِ حکومت ختم کرنے کی وجہ سے ہوا تھا۔
مئی سنہ 2013 میں جب استنبول میں عوامی غازی باغ کی جگہ پر سلطنتِ عثمانیہ دور کی بیرکوں اور ایک شاپنگ سینٹر کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا تو عوام کی جانب سے اس کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اور اس تنازعے کی وجہ سے اردوغان حکومت کا تختہ اُلٹنے کے قریب پہنچ گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد سے حکام کو یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ استنبول میں ہر ایک درخت کی کٹائی پر تین درخت لگائے جائیں گے۔







