برطانیہ کا نمبر ایک درخت ٹرین کی زد میں

ناشپاتی کے اس درخت کو انگلینڈ میں سنہ 2015 کے ٹری آف دی ایئر کا فاتح قرار دیا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہFrances Wilmot

،تصویر کا کیپشنناشپاتی کے اس درخت کو انگلینڈ میں سنہ 2015 کے ٹری آف دی ایئر کا فاتح قرار دیا گيا ہے

انگلینڈ میں ایچ ایس2 تیز رفتار ٹرین کی لائن کی زد میں آنے والے ناشپاتی کے قدیم درخت کو سنہ 2015 میں انگلینڈ کے ’سال کے بہترین درخت‘ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

ناشپاتی کے اس درخت کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ 250 سال سے بھی زائد عرصے سے وارِک شائر نامی گاؤں میں موجود ہے۔

وڈ لینڈ نامی ٹرسٹ جنھوں نے سال کے بہترین درخت ’ٹری آف دی ایئر‘ کے لیے سروے کیا تھا، اس کا مطالبہ ہے کہ اس درخت کو اس کی قدامت کی وجہ سے بچانا چاہیے۔

ایچ ایس 2 کے حکام کا کہنا ہے کہ درخت کے کھوکھلے تنے کی وجہ سے اسے اس کے قریب اُگی ہوئی کونپلوں سمیت کاٹنا پڑے گا۔

ماحول کی حفاظت

مجوزہ ہائی سپیڈ ریلوے لائن لندن کو برمنگھم کے ساتھ جوڑے گی لیکن اسں پر آنے والی لاگت اور دیہی علاقوں سے ٹرین کے راستے کی منصوبہ بندی کی وجہ سے اسے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

ویلز کے قومی بوٹینک گارڈن میں لانرتھرنی نامی درخت کو ویلز کا ٹری آف دی ایئر قرار دیا گيا

،تصویر کا ذریعہWTPL

،تصویر کا کیپشنویلز کے قومی بوٹینک گارڈن میں لانرتھرنی نامی درخت کو ویلز کا ٹری آف دی ایئر قرار دیا گيا

کبنگٹن سٹاپ ایچ ایس2 ایکشن گروپ کے سربراہ پیٹر ڈیلو نے درخت کو ایوارڈ کے لیے نامزد کیا تھا اور ان کا کہنا ہے کہ اس کی جیت سے سیاست دانوں کو ملک کے ورثے کو محفوظ رکھنے کا ’ایک واضح پیغام‘ ملا ہے۔

انھوں نے کہا: ’جن لوگوں نے ہمارے درخت کے حق میں ووٹ دیا وہ لوگ واضح طور پر اپنے قدرتی ماحول کے تحفظ کے متعلق فکرمند ہیں۔ یقینی طور پر ایچ ایس2 کی تعمیر ہمارے اس درخت اور دیگر بہت سے درختوں کو تباہ کیے بغیر بھی ممکن ہے۔‘

کبنگٹن کے ناشپاتی کے اس درخت کا انگلینڈ کے بہترین درخت کے لیے انتِخاب دس ہزار ووٹوں میں سے ایک تہائی سے زائد ووٹ حاصل کرنے کا بعد کیا گیا اور اس درخت نے نو دیگر فائنلز تک پہنچنے والے درختوں کو ہرا کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

امن کے اس پیڑ کو شمالی آئر لینڈ کا ٹری آف دی ایئر منتخب کیا گیا

،تصویر کا ذریعہWTPL Michael Cooper

،تصویر کا کیپشنامن کے اس پیڑ کو شمالی آئر لینڈ کا ٹری آف دی ایئر منتخب کیا گیا

دوسرے نمبر پر آنے والے درختوں میں جنوبی انگلینڈ میں ڈوزرٹ کے ایک گاؤں ٹول پوڈل کا مارٹر (شہید) درخت، انگلینڈ کے علاقے گلاسٹوبیوری کا مقدس کانٹے دار درخت اور شروپ شائر کے علاقے بوسکوبل کا شاہ بلوط کا درخت اس نسل کے درختوں میں شامل ہے جہاں مستقبل کے بادشاہ چارلس دوئم انگلش خانہ جنگی کی حتمی جنگ کے بعد چھپے تھے۔

• انگلینڈ: کبگنٹن کے دیہات واورک شائر میں ناشپاتی کا درخت

• شمالی آئرلینڈ کے علاقے بیلفاسٹ میں امن کا درخت

• سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو کے کیلون گروو پارک کا شاہ لوط کا درخت

• ویلز کے قومی بوٹینک گارڈن میں لانرتھرنی نامی درخت

ووڈ لینڈ ٹرسٹ کی انتظامی سربراہ بیکی سپیٹ کہتی ہیں کہ کبگنٹن کے اس ناشپاتی کے درخت کے لیے عوام کی محبت ملک کے لیے قدرتی زندگی کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔

گلیسگو کو شاہ بلوط کے پیڑ کو سکاٹ لینڈ کا ٹری آف دا ایئر منتخب کیا گيا

،تصویر کا ذریعہWTPL

،تصویر کا کیپشنگلیسگو کو شاہ بلوط کے پیڑ کو سکاٹ لینڈ کا ٹری آف دا ایئر منتخب کیا گيا

انھوں نے کہا: ’افسوس کی بات ہے کہ بہت سے مشہور درختوں کو اس درجے کا تحفظ حاصل نہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔‘

ایچ ایس2 کے ایک ترجمان بین رُوس کے مطابق کبگنٹن کے قریب کے علاقے میں نئے پودے اُگائے جائیں گے تاکہ ناشپاتی کے تاریخی درخت کے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔

انھوں نے کہا: ’ہم نے ہمیشہ درخت کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور ہم اس بات کی یقین دہانی کے لیےسب کچھ کریں گے جس سے خودرو ناشپاتی کے درخت کبگنٹن کے آس پاس کے دیہی علاقوں کا حصہ بنے رہیں۔‘