’گم ٹری‘ پر بچہ بیچنے والی خاتون گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ملاقات شروع ہوئی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ملاقات شروع ہوئی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا

جنوبی افریقہ میں ایک خاتون کو تشہیری ویب سائٹ ’گم ٹری‘ پر اپنے بچے کی فروخت کا اشتہار دینے پر مقدمے کا سامنا ہے۔

اس 20 سالہ خاتون نے اشتہار میں پانچ ہزار رینڈ کے عوض بچہ فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی۔

مذکورہ خاتون کو جمعے کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے جہاں ان کے خلاف انسانی سمگلنگ کے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ اشتہار دینے والی خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس کے ایک ایجنٹ نے خریدار بن کر ان سے رابطہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے 19 ماہ کے بچے کو اب سماجی خدمات کے ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

ترجمان بریگیڈیئر ہنگوانی مالودزی نے بتایا کہ ’ہمیں اس بارے میں کہیں سے اطلاع ملی۔ ہم نے اس نوجوان خاتون سے رابطہ کیا اور منگل کو بھیس بدل کر ایجنٹ نے اس سے ملاقات کی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کارروائی سے قبل اشتہار دینے والی خاتون کو بتایا گیا کہ وہ بچے کو نقد رقم کے عوض خریدنا چاہتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ملاقات شروع ہوئی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔