دنیا کا ’مہنگا ترین‘ کرسمس ٹری

کرسمس ٹری
،تصویر کا کیپشنکرسمس ٹری پر لگے ان زیورات میں ہیرے اور جواہرات جڑے ہوئے ہیں

متحدہ عرب امارات ابوظہبی کے ایک عالیشان ہوٹل میں دنیا کا غالباً سب سے مہنگا کرسمس ٹری لگایا گیا ہے۔

ہوٹل کے مینجیمینٹ کا کہنا ہے کہ اس کرسمس ٹری پر لگائے گئے سجاوٹ کے سامان پر گیارہ ملین ڈالر سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔

اس پیڑ کی شاخوں پر کرسمس ٹری کے سجاوٹ کے سامان کے ساتھ سونے کے زیورات بھی لگائے گئے ہیں جن میں ہار ، بریسلیٹ اور گھڑیاں وغیرہ شامل ہیں اور ان زیورات میں ہیرے اور جواہرات جڑے ہوئے ہیں۔

302 کمروں پر مشتمل اس ہوٹل کی لابی میں لگائے جانے والے اس پیڑ کو سونے کی پتیوں سے سجایا گیا ہے۔

ماضی میں اس طرح کی تشویش ظاہر کی گئی تھی کہ خلیجی ممالک کی ثقافت پر مغربی طور طریقے حاوی ہوتے جا رہے ہیں لیکن ایمیرٹس ہوٹل کے مینجمینٹ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے اس نسبتاً کھلے ماحول میں اس کرسمس ٹری سے کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

ہوٹل کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایسا کرسمس ٹری لگانے کا خیال ہوٹل کی مارکٹنگ ٹیم کا تھا۔ مارکیٹنگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہاضم ہفوش سے جب یہ پوچھا گیا کہ اس کرسمس ٹری کی حفاظت کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ اس کرسمس ٹری کو لگایاجانا ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ ابو ظہبی ایک محفوظ مقام ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایمریٹس پیلس ہوٹل گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے درخواست کرے گا کہ اس پیڑ کو دنیا کا سب سے مہنگا کرسمس ٹری ہونے کی تصدیق کرے۔