عراق: رمادی کے شہریوں کو شہر چھوڑنے کی ہدایت

،تصویر کا ذریعہAP
عراقی فوج نے ملک کے صوبے انبار کے دارالحکومت رمادی کے رہائشیوں کو شہر چھوڑنے کی ہدایت کی ہے جہاں وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے قبضے سے شہر پر واپس کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کارووائی کرنے جا رہی ہے۔
ایک سکیورٹی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ فوج نےشہر پر طیاروں کے ذریعے پرچیاں پھینکی ہیں جن میں رہائشیوں کو خبر دار کیا گیا ہے کہ وہاں اگلے 24 گھنٹوں میں فوجی کارروائی شروع کر دی جائے گی اس لیے وہ شہر چھوڑ دیں۔
سکیورٹی اہلکار نے کہا: ’سکیورٹی اہکاروں نے رمادی کے رہائیشیوں کو آخری دفعہ ہدایت دی ہے۔ اس کے بعد ہم شہر پر حملہ کر دیں گے، چاہے شہری اندر ہوں یا نہ ہوں۔‘
تاہم رمادی کے رہائیشیوں کے ایک ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے حملے کو ملتوی کردیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
ترجمان کا کہنا ہے کہ نام نہاد تنظیم دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں نے ہزاروں خاندانوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ دولت اسلامیہ نے شہر میں چوکیاں قائم کی ہوئی ہیں اور لوگوں کو رمادی چھوڑنے پر قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عراقی فوج کی جانب سے آنے والی ہدایت ٹی وی کے سرکاری چینل پر بھی نشر کی گئی جس میں لوگوں کو جنوب سے شہر چھوڑنے کا ایک راستہ بتایا گیا ہے جسے فوج نے محفوظ کیا ہوا ہے۔
گذشتہ مئی میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے عراقی فوج کے ساتھ لڑائی میں اسے ایک شرمناک شکست دے کر رمادی پر قبصہ حاصل کر لیا تھا۔
گذشتہ ماہ امریکی فوج نے کہا تھا کہ عراقی فوج اور حکومت نواز ملیشیا نے رمادی کامحاصرہ کر لیا ہے اور ایک حتمی حملے کی تیاری بھی کر کر لی ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ رمادی میں دولت اسلامیہ کے 600 سے لیکر 1000 شدت پسند موجود ہیں۔







