سمندری طوفان میکسیکو کے ساحل سے ٹکرا گیا، سیلاب کا خطرہ

،تصویر کا ذریعہAFP
میکسیکو میں ماہر موسمیات کے مطابق بحر الکاہل سے اٹھنے والا ایک شدید سمندری طوفان میکسیکو کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔
پٹریشیا نامی اس سمندری طوفان کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ یہ اب تک ریکارڈ کیا جانے والا شدید ترین سمندری طوفان ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔
میکسیکو کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ سمندری طوفان سے ملک کو سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ لاحق ہے کیونکہ اس سے ملک کے کئی حصوں میں شدید بارش ہو رہی ہے۔
صدر اینرک پینا نیئٹو کا کہنا ہے کہ ہرچند کہ یہ امریکی براعظموں میں آنے والا اب تک کا سب سے شدید طوفان ہے لیکن اس میں ابھی تک خدشے سے کم نقصان ہوئے ہیں۔
پہلے پیٹریشیا کو طوفان کی سب سے زیادہ پانچ درجہ بندی میں رکھا گیا تھا لیکن اب اس کی تندی میں کمی آئی ہے اور اسے دو کی درجہ بندی میں رکھا گيا ہے۔
امریکہ کے نیشنل ہریکین سنٹر (این ایچ سی) کا کہنا ہے کہ زمین پر ہوا کی رفتار میں کمی آئی ہے اور اب یہ 155 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی اور یہ اب میکسیکو کے شمال اور شمال مشرق کی جانب جا رہا ہے۔
پیٹریشیا نامی سمندری طوفان سنیچر کو میکسیکو کی مغربی ریاست جلسیکو سے ٹکرایا ہے۔
میکسیکو میں پہلے ہی حکام کی جانب سے اس سمندری طوفان سے بچاؤ کے لیے رہائشی علاقے خالی کروانا شروع کر دیے گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس طوفان کو کیٹیگری پانچ میں رکھا گیا تھا اور اس میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹے سے بھی زیادہ تھی۔
اس طوفان کو اب تک آنے والے سمندری طوفانوں کے مقابلے میں سب سے تباہ کن کہا جارہا تھا۔
خدشہ ہے کہ اس کی وجہ سے بہت بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے اور شدید سیلاب آ سکتا ہے جو بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔
ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزشن کے مطابق اس کا موازنہ سال 2013 میں فلپائن کے ہائین سمندری طوفان سے کیا جا سکتا ہے جس میں 6300 لوگ مارے گئے تھے۔
میکسیکو کے نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ کے مطابق اس طوفان سے چار لاکھ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔
حکومت نے تین ریاستوں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
امریکی نیشنل ہريكین سینٹر نے اسے مشرقی بحر الکاہل یا بحر اوقیانوس کے علاقے میں آنے والا سب سے بڑا طوفان کہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزشن کے مطابق یہ طوفان اتنا تیز ہے کہ ایک ہوائی جہاز کو فضا میں اڑا سکتا ہے۔
ماہر موسمیات بتایا تھا کہ پٹریشیا مغربی ریاست جلسیکو سے ٹکرائے گا اور خدشہ ہے کہ اسی ریاست کا سیاحتی مقام پیورٹو ولارٹا اس کے راستے میں آئے گا۔
پولیس کی جانب سے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ساحلی علاقے میں جانے سے گریز کریں جبکہ لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے ہوٹلوں میں مقیم افراد کو بھی علاقہ خالی کردینے کا کہا گیا ہے۔
پیورٹو ولارٹا سمیت دو اور شہروں کے ہوائی اڈے بھی سمندری طوفان کے پیش نظر بند کر دیے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سمندری طوفان کی زد میں آنے والی تینوں ریاستوں پیورٹو ولارٹا، کولیما اور گیوریرو میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔







