منفرد اور شفاف ترین ہیرا 22 ملین ڈالر میں نیلام

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ کے شہر نیویارک میں نیلام گھر سوتھبيز نے ایک منفرد ہیرا دو کروڑ 21 لاکھ ڈالر میں فروخت کیا ہے۔ ہیرہ روایتی شکل کے بجائے زمرد کی طرح چوکور ہے اور اس میں بال برابر بھی کوئی نقص موجود نہیں ہے۔
یہ ہیرا جنوبی افریقہ فریقہ میں ڈی بیئرز کمپنی کی کانوں سے نکالا گیا ہے اور اس کی تراش خراش میں ایک سال سے زیادہ وقت لگا ہے۔
گزشتہ 25 برسوں کے دوران اس طرح کے 100 کیرٹ سے زیادہ وزن والے صرف چھ ہیرے نیلام ہوئے۔
فروخت سے قبل ہیرے کی قیمت کا اندازہ ایک کروڑ 90 لاکھ سے ڈھائی کروڑ ڈالر تک لگایا گیا تھا۔
زیورات کی نیلامی شروع ہونے کے تین ہی منٹ یہ منفرد ہیرا فروخت ہو گیا۔
نیلام گھر سوتھبيز میں زیورات کے شعبے کے سربراہ نے اس ہیرے کو ’کمال و تکمیل کا معیار‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’اس کا رنگ سفید سے بھی سفید ہے، سطح کے اندر بھی کوئی نقص نہیں ہے، اتنا شفاف ہے کہ میں اس کا موازنہ برفیلے پانی کے تالاب سے کر سکتا ہوں ۔‘
نیلامی کے دوران زیوارت کے 350 نمونے پانچ کروڑ ڈالر مالیت میں فروخت ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دو سال قبل سوئیزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گلابی رنگ کا ایسا ہی ایک ہیرا آٹھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔ پینک سٹار یا گلابی ستارہ کے نام سے مشہور اس ہیرا کی نیلامی زیورات کی فروخت میں اب تک کی ریکارڈ سطح ہے۔







