دنیا کے سب سے قیمتی ہیرے کی نیلامی

اس ہیرے کو 1999 میں ہیروں کی کمپنی ڈی بييرز نے افریقہ سے حاصل کیا تھا
،تصویر کا کیپشناس ہیرے کو 1999 میں ہیروں کی کمپنی ڈی بييرز نے افریقہ سے حاصل کیا تھا

نیلام گھر سوتھبيز کا کہنا ہے کہ انسٹھ اعشاریہ چھ قیراط کے ایک شاندار گلابی ہیرے کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں چھ کروڑ ڈالر کی ریکارڈ قیمت کے ساتھ نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔

سوتھبيز کا کہنا ہے کہ پنک سٹار ’نامی یہ بیضوی ہیرا نیلام کیا جانے والا قیمتی ترین ہیرا ہو گا‘۔

سوتھبيز کے ڈیوڈ بینیٹ کے مطابق اس ہیرے کو ’زمین کی سب سے بڑی قدرتی خزانوں کا حصہ‘ کہا جا سکتا ہے۔

یہ ہیرا سائز میں چوبیس اعشاریہ اٹھہتر قیراط کے اُس گراف پنک ہیرے سے دوگنا ہے جسے چھیالیس اعشاریہ چار ملین ڈالر کی ریکارڈ قیمت پر فروخت کیا گیا تھا۔

اس ہیرے کو 1999 میں ہیروں کی کمپنی ڈی بييرز نے افریقہ سے حاصل کیا تھا۔

سوتھبيز کے مطابق جب اسے نکالا گیا تو اس کا وزن ایک سو بتیس اعشاریہ پانچ قیراط تھا۔ بعد میں اسے سٹینمیٹز ڈائمنڈز کمپنی نے اس کی کٹائی اور پالشنگ کا کام کیا۔

یہ ہیرا 13 نومبر کو نیلام کیا جائے گا
،تصویر کا کیپشنیہ ہیرا 13 نومبر کو نیلام کیا جائے گا

یورپ اور مشرق وسطیٰ میں سوتھبيز کے زیورات کے شعبہ کے صدر بینٹ کا کہنا ہے ’گزشتہ 35 سالوں کے دوران مجھے دنیا کے سب سے زیادہ شاندار ہیروں کو پرکھنے کا موقع ملا ہے، لیکن میں یہ بات بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کہہ سکتا ہوں کہ پنک سٹار ہیرا انتہائی اہم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پانچ قیراط وزن کا واضح گلابی ہیرا ملنا ہی ناممکن ہوتا ہے، اس لئے انسٹھ اعشاریہ چھ قیراط تو ہر پیمانے پر بے حد خاص مانا جائے گا۔

پہلے ’سٹینمیٹز پنک‘ کہے جانے والے اس ہیرے کو اس سے پہلے 2007 میں ذاتی طور پر فروخت کیا گیا تھا، لیکن اس وقت نہ تو اس کی قیمت کا انکشاف کیا گیا اور نہ ہی اس کے خریدنے والے کا نام ظاہر کیا گیا۔

یہ ہیرا 13 نومبر کو نیلام کیا جائے گا۔

سوتھبيز اگلے ماہ ہانگ کانگ میں ایک سفید اور ایک نیلے رنگ کے ہیرے کو بھی نیلامی کے لئے رکھے گا جن کی قیمت بالترتیب اٹھائیس ملین ڈالر اور انیس ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔