عراق: سمارا میں کاربم حملہ 16 ہلاک

دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ سبزیوں اور پھلوں کی خریداری میں مصروف تھے
،تصویر کا کیپشندھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ سبزیوں اور پھلوں کی خریداری میں مصروف تھے

عراق میں حکام کا کہنا ہے کہ عراقی شہر سمارا میں ایک کار بم حملے کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

شہر کی معروف مریادی سبزی منڈی میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں چھبیس افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ سبزیوں اور پھلوں کی خریداری میں مصروف تھے۔

عراق میں ان دنوں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور بدھ کو بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں سلسلہ وار بم دھماکوں میں اسی سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سمارا میں کار بم دھماکہ ایسے وقت میں ہوا جب دکاندار بچ جانے والی سبزیوں اور پھلوں کو رعایتی نرخوں پر فروخت کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین اور دو بچے بھی شامل تھے۔

یہ سبزی منڈی سمارا شہر کے مشرقی علاقے میں جعبریہ کے ضلعے میں واقع ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایک اور کار بم دھماکہ جمعرات کو بغداد کے مضافات میں واقع ابو غریب کے علاقے میں ہوا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

اس سال صرف جولائی کے مہینے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد مختلف تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوئے
،تصویر کا کیپشناس سال صرف جولائی کے مہینے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد مختلف تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوئے

عراق میں تشدد کے واقعات میں اضافہ سنی شدت پسندوں کی جانب سے کارروائیوں کے نتیجے میں دیکپنے میں آیا ہے جو اس سے پہلے پانچ سال میں نہیں دیکھا گیا۔

رائٹرز نے اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس سال صرف جولائی کے مہینے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد مختلف تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوئے جو کہ 2008 کہ بعد سے کسی بھی مہینے میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔