پاکستان کا بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف: سلمان آغا کے رن آؤٹ پر ’سپورٹس مین شپ کے قتل‘ کا شور

پاکستانت بنگلہ دیش

،تصویر کا ذریعہGetty Images

مطالعے کا وقت: 6 منٹ

پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 275 رنز کا ہدف دیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلا جانے والا یہ میچ بنگلہ دیش کے شہر میرپور میں ہو رہا ہے جہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز نے انتہائی شاندار کھیل کا آغاز کیا اور پہلی اننگز کی شراکت داری میں 103 رنز بنائے۔

پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی معاذ صداقت تھے جنھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے میچ میں انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 75 رنز بنائے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو اس سیریز کے پہلے میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو دونوں ہی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت انتہائی پُراعتماد انداز میں کھیلتے دکھائی دیے۔

معاذ صداقت نے جارخانہ انداز میں بیٹنگ کی اور وکٹ کی دونوں جانب ہی اچھی شاٹس لگائیں۔ انھوں نے 46 گیندوں کا سامنا کیا اور پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔

وہ 13ویں اوور کی آخری گیند پر مہدی حسن کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے۔

معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 103 رنز کی پارٹنرشپ رہی۔

معاذ کے آوٹ ہو جانے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی مگر وہ بھی زیادہ دیر تک بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا نہ کر سکے اور 18ویں اوور میں تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی شامل حسین تھے جنھوں نے 22 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف چھ رنز بنائے۔ اُنھیں ناہید رانا نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 40ویں اوور میں تب گری کہ جب ڈرمائی انداز میں سلمان علی آغا 231 رنز کے مجموعی سکور پر 64 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سلمان کے آؤٹ ہو جانے کے بعد پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جنھوں نے 44 رنز بنائے۔

رضوان کے بعد حسین طلت نو رنز، عبدالصمد 11 رنز، شاہین شاہ آفریدی تین رنز، فہیم اشرف 14 رنز اور محمد وسیم ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے راشد حسین نے تین، مہدی حسن نے دو جبکہ ناہید رانا، تسکین احمد اور مُستفیض الرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Getty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images

’مہارت کے ساتھ جوابی حملہ، بہت خوب معاذ صداقت‘

پاکستان میں کرکٹ فینز سوشل میڈیا پر معاذ صداقت کی بیٹنگ کی تکنیک اور انداز کے بارے میں بات کرتے اور انھیں شاباش دیتے نظر آئے۔

معاذ صداقت کی جانب سے 75 رنز کی اننگز کھیلنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی انھیں مبارکباد پیش کی اور ایکس پر لکھا کہ ’مہارت کے ساتھ جوابی حملہ۔ بہت خوب، معاذ صداقت۔‘

x.com

،تصویر کا ذریعہx.com

محمد حفیظ کی ہی طرح ایڈم بیل نے بھی معاذ صداقت کی تعریف کی اور لکھا کہ ’معاذ صداقت کو یقیناً پاکستان کی ٹی20 ٹیم میں جلد یا بدیر موقع ملے گا۔‘

بعض پاکستانی کرکٹ فینز نے تو معاذ صداقت کے بیٹنگ سٹائل کو سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری بلے باز سعید انور سے بھی ملایا اور کہا کہ معاذ صداقت بالکل سعید انور کی ہی طرح کور ڈرائیو کھیلتے ہیں۔

عبدالرؤف خان نے بھی معاذ صداقت کی بیٹنگ کی تعریف کی اور لکھا کہ ’معاذ صداقت صرف 45 گیندوں پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، بدقسمتی رہی۔ میں ان سے ایک شاندار سنچری کی توقع کر رہا تھا۔ بہت اچھا کھیلے، شاندار۔‘

’یہ گیم اویئرنیس کی کمی تھی یا پھر سپورٹس مین سپرٹ کی‘

جہاں میچ کے آغاز میں معاذ صداقت کی اننگز کے چرچے ہوتے رہے وہیں محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان ہونے والی شراکت داری کی بھی بات تو ہوئی مگر یہاں سلمان کے اچانک سے بے ربط انداز میں رن آوٹ ہو جانے سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہو گئی۔

ہوا یہ کہ محمد رضوان بیٹنگ اینڈ پر تھے اور انھوں نے مہدی حسن کی گیند پر شارٹ کھیلی جو سیدھی مہدی کی جانب گئی اور ایسے میں بیچ میں سلمان آ گئے۔

اب سلمان نے جیسے ہی گیند اُٹھا کر مہدی کو دینے کی کوشش کی تو اس سے پہلے کہ وہ ایسا کرتے مہدی نے بال اُٹھائی اور بولر اینڈ پر وکٹوں میں دے ماری اور امپائر سے رن آؤٹ کی اپیل بھی کر دی۔

اب امپائر نے بھی فیصلہ تھرڈ امپائر پر چھوڑ دیا۔ فیصلہ یہ ہوا کہ سلمان علی آغا کو آؤٹ قرار دے دیا گیا اور وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی کریز سے باہر تھے جب مہدی نے گیند وکٹوں میں مار کر انھیں رن آؤٹ کیا۔

سلمان علی آغا کا یوں ڈرمائی انداز میں رن آؤٹ ہونا تھا کہ بس سوشل میڈیا پر ایک طوفان سا برپا ہو گیا۔

پاکستانی کرکٹ فینز نے تو ایک اسے ’سپورٹس مین شپ کا قتل‘ ہی قرار دے دیا۔

x.com

،تصویر کا ذریعہx.com

عبدالواسع نامی ایک ایکس صارف نے لکھا کہ ’مہدی حسن کی جانب سے سلمان علی آغا کو اس طرح آؤٹ کرنا کھیل کی سپورٹس مین سپرٹ کا بے رحمانہ قتل ہے۔ یہ واقعہ انتہائی شرمناک تھا۔‘

عبدالرحمان نے تو ایکس پر یہ سوال ہی پوچھ ڈالا کہ ’کیا ہم اسے آغا کی جانب سے گیم اویئرنیس کی کمی قرار دیں یا پھر مہدی کی جانب سے سپورٹس مین سپرٹ کی کمی؟‘

پاکستانی ٹیم میں آج صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی اس سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی اور اب سیریز میں انھیں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔