’بیٹنگ دیکھ کر رونا آیا‘: بنگلہ دیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

Bangladesh

،تصویر کا ذریعہGetty Images

مطالعے کا وقت: 5 منٹ

بنگلہ دیش نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور اسے صرف 114 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے اس ہدف کا تعاقب بہت آسانی سے کر لیا۔

تنزید حسین نے 42 گیندوں پر 67 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ نجم الحسین شانتو نے 27، جبکہ سیف حسن نے چار اور لٹن داس نے تین رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے آج کے میچ میں چار کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی کا موقع دیا گیا تھا تاہم ان میں سے صرف صاحبزادہ فرحان ہی 20 کے ہندسے میں داخل ہو سکے۔

ڈیبیو کرنے والے معاذ صداقت 18، شامل حسین چار اور عبدالصمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ سینیئر کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ محمد رضوان 10، سلمان علی آغا پانچ اور حسین طلعت صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

Pakistan

،تصویر کا ذریعہGetty Images

پاکستان کی طرف سے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے مزاحمت دکھائی اور 47 گیندوں پر 37 رنز بنائے تاہم ان کی موجودگی میں دوسری طرف سے ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں اور وہ بھی مستفیض الرحمان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

شاہین شاہ آفریدی چار اور محمد وسیم بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی ٹیم سُپر ایٹ مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی اور اب بنگلہ دیش کے خلاف ناقص کارکردگی پر بلے بازوں کو ایک بار پھر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر بلے باز تنقید کی زد میں

پاکستانی بلے بازوں کی خراب کارکردگی پر سوشل میڈیا پر صارفین شدید غصے میں نظر آ رہے ہیں۔

تحسین قاسم نامی ایک صارف نے تمام کھلاڑیوں کے سکور کارڈز شیئر کر کے لکھا کہ ’اب سب کوچ مائیک ہیسن کو موردِ الزام ٹھہرائیں گے لیکن اصل مسئلہ ٹیم کا اپنا کھیل ہے۔‘

’مائیک ہیسن شاید استعفیٰ دے دیں گے لیکن اس کی وجہ ان کی کارکردگی نہیں ہو گی بلکہ وہ ایک ایسی ٹیم کو درست نہیں کر سکتے جو درست کرکٹ کھیلنے سے ہی انکار کرتی ہو۔‘

X

،تصویر کا ذریعہX

پاکستان کی وکٹیں گرنے کی رفتار اتنی تیز تھی کہ متعدد افراد طنز کرتے رہے کہ ’سب کو بیٹنگ کا موقع دینا چاہیے۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عامر راجا نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ دیکھ کر رونا آ رہا ہے، ہمارے ملک میں کوئی احتساب نہیں۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’کوئی سزا اور جزا کا نظام نہیں، ٹیم کی سرجری کرنا تھی مگر کھلاڑیوں کو نواز دیا۔‘

کرکٹ تجزیہ کار ڈاکٹر نعمان نیاز نے ٹیم سلیکشن پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’فخر زمان، بابر اعظم، صائم ایوب اور سعود شکیل کے بغیر ون ڈے ٹیم ایسی ہی نظر آتی ہے۔‘

X

،تصویر کا ذریعہX

جہاں پاکستانی بلے بازوں پر تنقید ہو رہی ہے وہیں بنگلہ دیش کے برق رفتار بولر ناہید رانا کو سراہا بھی جا رہا ہے۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عبدالرؤف نے ناہید رانا کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بنگلہ دیش کے ایک باصلاحیت فاسٹ بولر نے شیرِ بنگلہ سٹیڈیم کی مردہ پِچ پر اعلیٰ معیار کی بولنگ کی اور صرف چار ہی اوورز میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو توڑ کر رکھ دیا۔‘

X

،تصویر کا ذریعہX

اویس سلیم لکھتے ہیں کہ ’بنگلہ دیش کی وکٹوں پر ناہید رانا نہیں کھیلا جا رہا۔ باقی حساب خود لگا لیں۔ اسی طرح کی وکٹوں پر شاہین سمیت ہمارے فاسٹ بولرز کی درگت بنتی سب نے دیکھ رکھی ہے۔‘

ایکس پر سید علی عمران نے بنگلہ دیش کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بنگلہ دیش کو دیکھیں، انھوں نے 2027 کے ورلڈ کپ کی طرف سفر کا آغاز تیز اور باؤنسی وکٹس بنا کر کیا ہے۔‘

’دوسری جانب ہم کھلاڑیوں کو بلاجواز منتخب کرنے اور ڈراپ کرنے میں مصروف ہیں۔ ہماری ورلڈ کپ کی تیاری کی کوئی سمت نہیں ہے۔‘

کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز نے پاکستان کی شکست کا ذمہ دار ٹیم کے سلیکٹرز کو ٹھہرایا اور کہا کہ ون ڈے کے بہترین کھلاڑیوں کو کسی اور فارمیٹ میں کارکردگی نہ دکھانے پر سزا دی گئی اور انھیں ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔