جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹیم کااعلان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے ٹرائلز کے بعد اتوار کو جونیئر ورلڈ کپ ہاکی کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جونیئر ورلڈ کپ ہاکی مقابلے انتیس جون سے دس جولائی تک ہالینڈ کے شہر روٹرڈرم میں ہو رہے ہیں۔ ٹیم انہی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنہوں نے اس سال مارچ میں لاہور میں ہونے والے چار ملکی اور پھر ملائیشیا میں ہونے والے چھ ملکی ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کی تھی۔ اٹھارہ رکنی اس ٹیم کے بارہ کھلاڑی حال ہی میں کواللمپور میں ہونے والے ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ٹیم کے کپتان شکیل عباسی اور نائب کپتان طارق عزیز ہیں۔یہ دونوں بھی انہی بارہ کھلاڑیوں کے ساتھ ملائشا گئے تھے۔ ازلان شاہ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی اور تمام ٹورنامنٹ میں شکیل عباسی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سلیکشن کمیٹی کے چئرمین اختر رسول کے مطابق وہ دو دن تک کھیلنے کے قابل ہو جائیں گے۔ اختر رسول نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میرٹ کی بنیاد پر اور کوچز اور ٹیم مینیجر کے مشورے کے بعد منتخب کی گئی ہے۔ پاکستان جونئر ٹیم کے کوچ طاہر زمان نے کہا کہ ٹیم کافی متوازن ٹیم ہے اور ممکنہ بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم قوم کی توقعات پر پوری اترے گی۔کھلاڑی بہت پر عزم ہیں اور دو ٹورنامنٹ جیت کر ان کا مورال بھی بہت بلند ہے۔ پاکستان کی جونئرہاکی ٹیم کافی عرصے کے بعد ورلڈ کپ کھیل رہی ہے کیونکہ سنہ 2001 میں آسٹریلیا میں ہونے والے جونئر ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم کوالیفائی ہی نہیں کر سکی تھی۔ اس ورلڈ کپ کی فاتح بھارت کی ٹیم بنی تھی۔ بیلجیم کی ٹیم پاکستان کے پول میں ہے اس لیے ان دونوں کا پریکٹس میچ نہیں رکھا گیا۔ جونئر ورلڈ کپ میں سولہ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں چار پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کے پول میں بیلجیم چلی اور آسٹریلیا ہیں۔ پاکستان کی جونئر ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: ناصر احمد، محمد اقبال، (گول کیپر) اخلاق احمد، عمران وارثی۔ محمد عمران، (فل بیکس) عمران خان، محمد خالد، عبدالعاصم خان، رانا آصف، سجاد انور، (ہالفز) عدنان ذاکر، کاشف یعقوب، یاسر اسلام، اشتیاق احمد، شکیل عباسی، محمدعارف، طارق عزیز، اختر علی، (فارورڈز)۔ سات کھلاڑیوں کا انتخاب ریزرو کے طور پر کیا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||