ہاکی میں ایشیائی ٹیموں کی ناکامی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایتھنز اولمپک کے ہاکی مقابلوں میں اتوار کا روز ایشیا کی ہاکی ٹیموں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ عالمی چیمپئین جرمنی نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے اور موجودہ اولمپک چیمپئین ہالینڈ نے بھارت کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ جرمنی نے پاکستان کے خلاف میچ میں پہلے ہاف میں دو گول کی برتری حاصل کر لی تھی جسے پاکستان نے دوسرے ہاف میں کم کر دیا۔ پاکستان کی طرف سے واحد گول ریحان بٹ نے کیا۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گول کرنے کے ایک سے زیادہ آسان مواقع ضائع کیے۔ ہالینڈ ایتھنز میں مسلسل تیسری بار ہاکی میں طلائی تمغہ حاصل کرنے کی کوشش کرے گا اور خیال ہے کہ اس میں اسے جرمنی کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔ ہالینڈ نے آٹھ بار اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والے ملک بھارت کے ساتھ مقابلے کے ابتدا ہی میں برتری حاصل کر لی۔ ہالینڈ نے دوسرے ہاف میں مزید دو گول کیے۔ بھارت کی طرف سے واحد گول میچ کے آخری منٹوں میں کیا گیا۔ دن کے دیگر مقابلوں میں برطانیہ نے مصر کو تین ایک اور آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||