BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 20 January, 2005, 17:18 GMT 22:18 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ہاکی فیڈریشن اور انسانی سمگلنگ

ہاکی سٹیڈیم
ہاکی فیڈریشن سے اس ماہ کے آخر تک جواب طلب کیے گئے ہیں
پاکستان ہاکی فیڈریشن اس وقت بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات کی زد میں ہے۔

کھیلوں سے متعلق سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے ہاکی فیڈریشن کے ارباب اختیار سے جواب طلبی کی ہے۔

کمیٹی کے رکن سینیٹر انوربیگ نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پر انسانی اسمگلنگ کا الزام سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری رقوم کے عوض یورپ جانے والی ٹیموں کے ساتھ غیرمتعلقہ افراد کو بھیجا جاتا رہا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ اپنے پہلے اجلاس میں کچھ سوالات فیڈریشن کے ارباب اختیار کے حوالے کیے ہیں اور ان سے کہا ہے کہ ان کے جوابات اس ماہ کے آخر تک کمیٹی کو دے دیئے جائیں۔

فیڈریشن سے کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران کھلاڑیوں سے ہٹ کر جن دوسرے افراد کے یورپ کے ویزے لگوائے گئے ہیں ان کی تفصیل بتائی جائے۔

قائمہ کمیٹی اس سلسلے میں یورپی ممالک کے سفارتخانوں سے بھی ان ویزوں کی بابت تفصیلات حاصل کررہی ہے۔

سینیٹر انور بیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ بات بھی کمیٹی کے سامنے آئی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا صدر دفتر لاہور میں ہے لیکن وہ ٹکٹیں لاہور کے بجائے پشاور کی ایک ایجنسی سے بنواتی ہے۔

قائمہ کمیٹی کے رکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن سے اس بات کی بھی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ اس نے سابق کھلاڑی شفیق احمد کو جونیئر ٹیم کا منیجر کیوں بنایا جبکہ ان پر ایک شخص کو ہاکی اسٹک سے زخمی کرنے پر ایف آئی آر درج ہوچکی ہے اور ان پر لندن کی ایک دکان سے چوری کا الزام بھی ہے۔

سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ اس ضمن میں لندن کی میٹرپولیٹن پولیس سے بھی رابطہ کرکے اس بارے میں تفصیل معلوم کی جائے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے اس بات کی بھی جواب طلبی کی ہے کہ اس نے اختررسول کو چیف سلیکٹر کیوں بنایا جبکہ وہ سپریم کورٹ پر حملے میں ایک ماہ کی جیل کاٹ چکے ہیں اور عدالتی فیصلے کی رو سے وہ کوئی بھی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بریگیڈئرمسرت اللہ نے پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کو14 فروری2002ء کو لکھے گئے ایک خط میں اختررسول کو فوری طور پر ایسوسی ایشن سے الگ کرنے کے لیے کہا تھا لیکن بعد ازاں بریگیڈئر مسرت اللہ نے ہی اختر رسول کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدارت حال ہی میں ایک فوجی جنرل سے ایک سویلین طارق کرمانی کو منتقل ہوئی ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد