پاک ہاکی کے چیئرمین مستعفی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر لیفٹننٹ جرنل ریٹائرڈ محمد عزیز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ آج لاہور میں ہاکی فیڈریشن کی کانگرس کے سالانہ اجلاس کے بعد فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ سنہ 2000 میں جنرل پرویز مشرف کے کہنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب وہ آرمی سے ریٹائر ہوں گے تو اُسی وقت یہ ذمہ داری بھی چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد چونکہ چمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ لاہور میں ہونا تھا اس لیے ان سے کہا گیا کہ فیڈریشن کی صدارت اس کے بعد چھوڑیں۔ لیفٹننٹ ریٹائرڈ محمد عزیز نے کہا کہ انہوں نے اپنے چار سالہ دور میں پاکستان ہاکی کی بہتری کے لیے ہرممکن کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ آئے تھے تو فیڈریشن کی مالی حالت اتنی ناگفتہ بہ تھی کہ ٹیم کو باہر بھیجنے کے لیے بھی فیڈریشن کو ادھار لینا پڑا تھا۔ اس وقت فیڈریشن کی مالی حالت کافی بہتر ہو گئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ جب وہ آئے تھے تو ملک میں انفرا سٹرکچر بھی صحیح حالت میں نہ تھا لیکن اب نہ صرف کئی شہروں میں مصنوعی ٹرف بچھ چکی ہے بلکہ اگلے سال کے آخر تک ملک میں سترہ آسٹرو ٹرف بچھا دی جائیں گی۔ لیفٹننٹ جرنل ریٹائرڈ محمد عزیز کے بقول انہیں اس بات کا افسوس رہے گا کہ ٹیم بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں نہ پہنچ سکی۔ پاکستان سٹیٹ آئل کے چیئرمین طارق کرمانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر ہوں گےاور ان کے تقرر کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایسے صدر کی ضرورت ہے جو فنڈز جمع کر سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگرس کے سالانہ اجلاس میں دیگر اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں اہم ترین فیصلہ پاکستان کی جونیئر اور سینیئر ہاکی ٹیموں کے لیے نئی مینجمنٹ کا بھی اعلان کیا گیا۔ سمیع اللہ بدستور سینیئر ٹیم کے منیجر رہیں گے اور آصف باجوہ اور رانا مجاہد کوچ ہوں گے۔ جونیئر ٹیم کے منیجر محمد شفیق ہوں گے اور ٹیم کی کوچنگ طاہر زمان اور خواجہ جنید کریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||