بھارت جونیئر ایشیا کپ ہاکی کا فاتح | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی جونیئر چیمپئن بھارت نے پانچواں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ بدھ کو کراچی کے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اس نے روایتی حریف پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی۔ ہاکی گیارہ کھلاڑیوں کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں انفرادی کھیل شائقین کو کچھ لمحے کی تفریح تو فراہم کرسکتا ہے لیکن اکثر اس کا خمیازہ ٹیم کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ فائنل میں بھی ایسا ہی ہوا ۔کپتان شکیل عباسی سمیت متعدد کھلاڑیوں کے غیرضروری طور پر انفرادی کھیل نے بھارت کے لئے جیت کی بنیاد رکھ دی جس نے پہلی مرتبہ جونیئر ایشیا کپ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ پاکستان ٹیم پہلے ہاف میں روایتی پانچ فارورڈز کے بجائے چار فارورڈز کے ساتھ کھیلی۔ اس ہاف میں دونوں ٹیموں کے جارحانہ کھیل کے سبب کھلاڑیوں میں گرما گرمی بھی رہی۔ بھارت نے پہلے ہاف میں آٹھ منٹ میں دو گول کرکے میچ پر گرفت مضبوط کرلی تھی اور دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں ہی دو مزید گول کر کے پاکستان کے لئے میچ میں واپس آنے کی امید ختم کر دی تھی۔ پاکستان نے صرف دو منٹ میں دو گول کرکے میچ برابر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں لیکن تین یقینی مواقع ضائع کرنے سے یہ کوششیں دم توڑگئیں۔ بھارت کی طرف سے توشکر ہینڈکر نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ پنالٹی کارنرز پر سندیپ سنگھ نے دو گول کئے۔انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ سولہ گول کئے جبکہ پاکستان کے عدنان ذاکر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ آصف باجوہ اس شکست میں بھی مثبت پہلو تلاش کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ چونکہ پاکستان جونیئر ٹیم 2001 کے جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہیں کرسکی تھی لہذا یہ اہم بات ہے کہ اس نے آئندہ سال ہالینڈ میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑی غلطیوں سے سیکھیں گے اور جونیئر ورلڈ کپ میں ایک متوازن ٹیم سامنے ہوگی۔ پانچویں ایشیا کپ سے تین ٹیموں نے جونیئر ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ تیسری ٹیم جنوبی کوریا ہے جس نے تیسری پوزیشن کے میچ میں ملائشیا کو شکست دی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||