| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالینڈ سے ہاکی کوچ درآمد
ہالینڈ کے رولینٹ آٹمینز نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان کی خدمات پاکستان کے سابق اولمپیئنز کی کارکردگی سے مایوس ہونے کے بعد حاصل کی ہیں۔ آٹمینز ہالینڈ کی اس ٹیم کے کوچ تھے جس نے 1996 میں اٹلانٹا اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا اور پھر 1998 کے عالمی کپ میں بھی فتع کا تاج سر پر سجایا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ان کی صلاحیتوں کا سب سے بڑا امتحان آئندہ سال ایتھنز میں ہونے والے اولمپکس ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری بریگیڈئر ( ریٹائرڈ) مسرت اللہ خان نے آٹمینز کی قابلیت پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رہنمائی میں پاکستان ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور وہ آنے والے مقابلوں خصوصا اولمپکس میں اچھے نتائج دے گی۔ پاکستان میں موجود سابق اولمپئنز پر ڈچ کوچ کو فوقیت دینے کے بار ے میں مسرت اللہ خان کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں تین منیجرز نجی وجوہات کا سہارا لے کر پاکستان ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کرچلے گئے۔ سابق اولمپئنز کو بھرپور مواقع دیئےگئے لیکن وہ سیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ جہاں تک آٹمینز کا تعلق ہے توان پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہوگا اور وہ کھل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹمینز کی موجودگی میں اسسٹنٹ کوچ طاہر زمان کو بھی سیکھنے کا موقع ملے گا جو پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچنگ کے شعبے میں مستقبل کا اثاثہ ہیں۔ طاہرزمان نے بھی یہ بات واضح کردی ہے کہ آٹمینز کے آنے سے پاکستان ہاکی کو فائدہ ہوگا اور اسے انا کا مسئلہ نہیں بنایا جانا چاہیِئے۔ آٹمینز نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم سے وابستگی کے بعد ان کی اولین ترجیح اس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوکہ وقت بہت کم ہے لیکن انہیں پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پربھروسہ ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈ ریشن نے رولینٹ آٹمینز کے علاوہ گول کیپرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ہالینڈ کے سابق گول کیپر رونالڈ جینسن کی خدمات بھی حاصل کی ہیں جو 1996 اولمپکس اور 1998 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیموں کے مضبوط دفاع کے ذمہ دار تھے۔ اٹالین وڈیو انالسٹ رابرٹو ٹولن ٹینو اور ڈچ فزیو ڈرک ورڈر بھی ٹیم کے ساتھ ہیں اس طرح پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کی تربیت کو مکمل طور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کاقدم اٹھایا ہے اور اسے یقین ہے کہ پاکستان ہاکی کا مستقبل تابناک ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||