 |  وسٹا آپریٹنگ نظام 2006 کے اواخر میں مارکیٹ میں آنے کی امید ہے |
مائیکرو سافٹ نے اپنے نئے آپریٹنگ نظام ونڈوز وسٹا میں وائرس کی موجودگی کی خبروں کی نفی کرتے ہوئے شدید ردِرعمل کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے آسٹریا کے ایک کمپیوٹر پروگرامر نے اس تباہ کن کوڈ کی تفصیلات شائع کی تھیں جو کہ مائیکرو سافٹ کی زیرِ تکمیل ’ کمانڈ شیل ٹیکنالوجی‘ کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کوڈ کے منظرِ عام پر آنے سے وسٹا آپریٹنگ نظام میں وائرس کی موجودگی کا معاملہ سامنے آیا تھا کیونکہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ’ کمانڈ شیل ٹیکنالوجی‘ یا ایم ایس ایچ نئے وسٹا آپریٹنگ نظام کا حصہ ہو گا۔ اس سلسلے میں مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ اس کوڈ سے متاثر ہونے والی ٹیکنالوجی ونڈوز کے آئندہ ورژن میں شامل نہیں کی جائے گی۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ ان رپورٹوں سے مائیکرو سافٹ کے صارفین کو نقصان پہنچنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے‘۔ مائیکرو سافٹ کے ترجمان سٹیفن ٹولوز کا کہنا ہے کہ ایم ایس ایچ پر ابھی تجربات کیے جا رہے ہیں اور اسے آئندہ چار یا پانچ برس بعد آنے والے ونڈوز سسٹم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ ایم ایس ایچ کو ونڈوز وسٹا سے وائرس کی اطلاعات پر نکالا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ان دونوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ وسٹا آپریٹنگ نظام 2006 کے اواخر میں مارکیٹ میں آنے کی امید ہے اور مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ حفاظتی اعتبار سے یہ نظام اب تک آنے والے تمام آپریٹنگ سسٹم سے بہتر ہوگا۔
|