 |  مائیکروسافٹ ہر ماہ نئے نقص کا اعلان کرتی ہے |
مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ وِنڈوز پروگرام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے اپنی مشینوں پر نئے اپ ڈیٹ لوڈ کر لیں۔ مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر کے تحفظ سے متعلق اپنے ماہانہ بلیٹن میں اُن آٹھ نقائص کا ذکر کیا ہے جنہیں دور نہ کیے جانے کی صورت میں کمپیوٹر بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔ ان خامیوں کے سبب ونڈوز پروگرام اور اس میں شامل انٹرنیٹ ایکسپلورر، میڈیا پلیئر اور فوری پیغامات بھیجنے کے سافٹ ویئر متاثر ہو سکتے ہیں۔ اِن تمام کے علاوہ چار دیگر اپ ڈیٹ بھی تیار کیے گئے ہیں اگرچہ یہ قدرے کم اہم ہیں۔ وِنڈوز پر اپ ڈیٹ لوڈ نہ کیے جانے کے سبب مختلف اقسام کے وائرس خود بخود یا کمپیوٹر چلاتے ہوئے اُسے متاثر کر سکتے ہیں۔ نہ صرف یہ بلکہ چند خامیوں کے باعث وائرس تیار کرنے والے افراد دور سے ہی کسی کے کمپیوٹر کا کنٹرول حاصل کر کے اس پر تبدیلیاں بھی کر سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ ہر ماہ ہی ونڈوز میں کسی نہ کسی نقص کے بارے میں بیان جاری کرتی رہتی ہے البتہ ان میں سے اہم کو ’خصوصی نقص‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ |