 |  31 فیصد دستاویزات قانونی طور پر حساس معلومات پر مبنی ہوتی ہیں |
دستاویزات کے تحفظ کے نگراں ادارے ’ڈوکیومنٹ سکیورٹی فرم ورک شیئر‘ کے مطابق ونڈوز میں ورڈ ڈاکیومنٹ یا تحریری دستاویز لکھنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق دفاتر میں تقریباً 75 فیصد دستاویزات ایسی حساس معلومات سے متعلق ہوتی ہیں جو ادارے خفیہ رکھنا چاہیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سروے میں شامل 90 فیصد کمپنیوں کو یہ اندازہ ہی نہیں کہ ان کی خفیہ معلومات تک کسی کو رسائی حاصل ہے۔ اس رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ادارے اپنی دستاویزات کے معاملے میں زیادہ احتیاط سے کام لیں۔ سکیورٹی فرم ورک شیئر کے مطابق اداروں کی معلومات کا استحصال کئی طرح سے کیا جاتا ہے مثلاً مارکیٹ میں کسی کمپنی کے مقابل ادارے اپنی فروخت بڑھانے کے لیے اس کمپنی کے طور طریقے جان سکتے ہیں اور اس کے لائحہ عمل کی نقل کرسکتے ہیں۔ جہاں ایک طرف انٹرنیٹ نے کاروبار کی دنیا میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے وہیں سکیورٹی کنٹرول کے معاملات نے بھی سر اٹھایا ہے۔ یہ مسئلہ مائیکروسافٹ ورڈ ڈاکیومنٹ کے ساتھ اور بھی زیادہ ہے جو تمام دستاویزات کا ایک خفیہ ریکارڈ رکھتا ہے۔ تاہم ابھی تک مائیکروسافٹ نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی طریقہ وضع نہیں کیا ہے۔ ورک شیئر کے سروے کے مطابق اوسطاً 31 فیصد دستاویزات ایسی ہوتی ہیں جو قانونی طور پر حساس معلومات پر مبنی ہوتی ہیں۔ |