 |  برطانوی کی تقریباً نصف آبادی انٹرنیٹ پر خریداری کرتی ہے:سروے |
کرسمس کے تحائف کی خریداری کے لیے لوگ بازار کی بجائے سائبر سپیس جا رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق برطانیہ میں لوگ کرسمس کے دوران انٹرنیٹ پر چار ارب پاؤنڈ کی خریداری کریں گے جو کہ سن دو ہزار تین کے مقابلے میں چونسٹھ فیصد زیادہ ہے۔  | شرمندہ خریدار  بعض مرد اپنی گرل فرینڈ یا بیویوں کے لیے تحائف کے طور پر زیر جامے اور کچھ دوسری اشیا خریدنے کے لیے انٹرنیٹ کو فوقیت دیتے ہیں  ہوسٹ وے | انٹرایکٹو میڈیا ان ریٹیل گروپ( Interactive media in retail group) کے تجزیے کے مطابق برطانیہ کی تقریباً نصف آبادی اب آن لائن پر خریداری کرتی ہے۔ اس تنظیم کا اندازہ ہے کہ اس کے پچاسی فیصد ارکان( ایک کروڑ اسّی لاکھ افراد) کرسمس کے تحائف خریدنے کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اوسطً ہر خریدار دو سو بیس پاؤنڈ خرچ کرے گا۔ انٹرنیٹ پر خریداری کے معاملے میں برطانیہ یورپ کے دوسرے ممالک سے آگے ہے۔ ہوسٹ وے کے تجزیے کے مطابق بعض مرد اپنی گرل فرینڈ یا بیویوں کے لیے تحائف کے طور پر زیر جامے اور کچھ دوسری اشیا خریدنے کے لیے انٹرنیٹ کو فوقیت دیتے ہیں۔ سروے کے مطابق مرد دکان جا کر اس طرح کے تحائف خریدنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ ایک اور تجزیے کے مطابق لوگ انٹرنیٹ شاپنگ دفتری اوقات کے دوران کرتے ہیں جس سے دفتری وقت کے دو دن ضائع ہوں گے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ چودہ سے اٹھارہ سال کی عمر کے نوجوان انٹرنیٹ پر خریداری پر اوسطً پانچ گھنٹے لگائیں گے۔ |