حلال گوشت اب انٹرنیٹ پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ذبیحہ ڈاٹ کام ایک ایسی ویب سائٹ ہے جہاں پر ان دکانوں اور ریستورانوں کو تلاش کیا جا سکتا ہے جو کہ حلال گوشت یا اس سے بنی اشیاء فروخت کرتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کے خالق شاہد امان اللہ کے خاندان کا تعلق جنوبی ہندوستان سے ہے لیکن ان کی پرورش کیلیفورنیا میں ہوئی ہے۔ کیلیفورنیا میں ان کے گھر کے نزدیک حلال گوشت کی چند دکانیں تھیں۔ شاہد امان اللہ کا کہنا ہے کہ پانچ برس قبل امریکہ میں مسلم آبادی کے لیے حلال اشیاء کے کاروبار نے زور پکڑا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب شاہد اور ان کے احباب نے ان دکانوں اور کاروباروں کی کھوج شروع کی جو حلال اشیاء کی خریدوفروخت کا مرکز تھے۔شاہد کا کہنا ہے کہ ’حوصلہ افزاء نتائج کے سامنے آنے پر میں نے فیصلہ کیا کہ ایک ایسی ویب سائٹ بنائی جائے جو کہ لوگوں کو ان دکانوں کے بارے میں معلومات فراہم کرے‘۔ اس خیال کے نتیجے میں ذبیحہ ڈاٹ کام کا وجود ہوا۔ اس ویب سائٹ پر حلال گوشت فروخت کرنے والی دکانوں اور ریستورانوں کے متعلق مفت معلومات میسر ہیں۔ ذبیحہ ڈاٹ کام پر شاہد قارئین سے حلال گوشت کا کاروبار کرنے والی مختلف کمپنیوں کے بارے میں آراء بھی ا کھٹی کرتے ہیں۔ شاہد امان اللہ کوحلال گوشت کا کاروبار کرنے والی مختلف کمپنیوں کے مالکان کی جانب سے ای میلز بھی موصول ہوتی ہیں جن میں تنقیدی تبصروں پر خفگی کے اظہار کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کی دھمکیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔ ذبیحہ ڈاٹ کام صرف امریکی مسلمانوں میں ہی مقبول نہیں ہے اور اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس پر مغربی یورپ کے حلال گوشت کے کاروبار کرنے والوں کی فہرست بھی مہیا کی گئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||