 |  ’میک منی‘ ایپل کمپنی کو ایک نئی سمت میں لے جانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ |
کمپیوٹر بنانے والی مشہور کمپنی ایپل نے بہت کم قیمت کا ایک نیا کمپیوٹر جلد ہی مارکیٹ میں ڈسٹری بیوٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ’میک منی‘ نامی اس نئے کمپیوٹر کو لانچ کرنے کا اعلان ایپل کمپنی کے ڈائیریکٹر سٹیوو جابز نے اپنے سالانہ میک ورلڈ کے خطاب میں امریکہ کے شہر سان فرانسِسکو میں کیا۔ مسٹر جابز نے میک منی کو ، جس کی قیمت صرف پانچ سو ڈالر ہوگی، ایپل کی طرف سے بنایا جانے والا سب سے اہم کمپیوٹر قرار دیا۔ یہ کمپیوٹر بائیس جنوری سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے کمپیوٹر کے اجرا سے ایپل کمپنی ایک نئی سمت میں ترقی کرسکتی ہے کیونکہ یہ ہمیشہ اپنے اچھوتے ڈیزائن اور انداز کی وجہ سے مقبول رہی ہے جبکہ یہ نیا کمپیوٹر اس سے بڑے پیمانے پر کمپیوٹر بنانے بالی کمپنی میں تبدیل کرسکتا ہے۔ میک منی کے ساتھ مانیٹر، کی بورڈ اور ماؤس نہیں آتے اور یہ صرف ساڑھے چھ انچ لمبا ہے۔ مسٹر جابز نے کہا کہ کمپیوٹر کے وہ صارفین جو ونڈوز کو چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اب ان کے پاس ایسا کرنے کا جواز موجود ہے کیونکہ میک منی بہت ہی سستا کمپیوٹر ہے۔ میک منی کے اجرا سے کئی ہفتے پہلے سے اس کے بارے میں افواہیں گرم تھیں لیکن ماہرین کا کہنا ہےکہ یہ ایپل کمپیوٹر کی طرف سے بہی ہی اہم اور سنجیدہ قدم ہے۔ |