چین میں ہدف سے کہیں پہلے کاربن اخراج میں کمی متوقع

،تصویر کا ذریعہReuters
لندن سکول آف اکنامکس کی ایک رپورٹ کے مطابق آئندہ دس برسوں کے اندر چین میں ’گرین ہاؤس‘ گیسوں کے اخراج میں کمی شروع ہو جائے گی۔
یہ کمی توقع سے پانچ سال پہلے ہونے والی ہے اور اس سے ماحولیات کو بچانے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
اس کی جزوی وجہ چین کی جانب سے قابلِ تجدید توانائی کے زبردست استعمال کی جانب توجہ مبذول کرنا ہے۔
خیال رہے کہ چین دنیا میں ہوا اور شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کرنے والا سرفہرست ملک ہے۔ اس کے علاوہ یہ پرانے کوئلے کے پلانٹوں کی جگہ زیادہ صاف پلانٹ بنا رہا ہے۔
توانائی پیدا کرنے کے شعبے میں بہت سی تبدیلیوں کا سبب انتہائی آلودہ ہوا سے بچنا ہے اور چین کے رہنما دنیا کے گرم ہونے کے نتیجے میں اپنے ملک کی کمزوری کے بارے میں بہت حساس ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
ایل ایس ای کی رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ اس سال پیرس میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والی کانفرنس بہت کامیاب رہے گي بشرطیکہ حکومتیں چین کی تبدیلیوں اور عالمی گرین ہاؤس اخراج پر اس کے اثرات کو سمجھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چین کے اقدام پر عالمی بازار میں صاف ستھری توانائی سے بنی چیزوں اور خدمات کو تحریک ملے گی اور کوئلے اور دوسرے خام ایندھن برآمد کرنے والوں کو نقصان ہو گا۔
صدر شی جن پنگ نے امریکہ کے ساتھ ایک باہمی معاہدے کے دوران سنہ 2030 تک کاربن ڈائی آکسائڈ کے اخراج کو کم کرنے کا عہد کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن ایل ایس ای کی رپورٹ تیار کرنے والے فرگس گرین اور لارڈ نکولس سٹرن نے کہا: ’چین کے بین الاقوامی عہد کو قدرے زیادہ سے زیادہ کی حد کی طرف سے دیکھنا چاہیے کیونکہ یہ حکومت کم وعدہ کرتی ہے اور زیادہ کارکردگی دکھاتی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’چین نے سنہ 2030 سے قبل چوٹی پر پہنچنے کے لیے بہترین کوشش کرنے کا عہد کیا تھا اور ہم چین کی اس بہترین کوششوں کا ثمر دیکھ رہے ہیں۔‘

رپورٹ کا کہنا ہے کہ چین کی اس بڑی تبدیلی کے عالمی معیشت پر زبردست اثرات مرتب ہوں گے اور گرین ہاؤس گیس کے اخراج کو نسبتاً محفوظ حد تک رکھنے کے امکان روشن ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے چین کے عمل سے اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ ماحولیات کو وسیع پیمانے پر ہونے والے نقصانات سے بچایا جا سکتا ہے۔
یہ رپورٹ کوئلہ پیدا کرنے والوں کے لیے بری خبر ہے۔ اگر کاربن کاؤنٹر ویب سائٹ کے اعداد و شمار پر یقین کیا جائے تو چین اس معاملے میں پہلے ہی بام عروج پر پہنچ چکا ہے جہاں سے کمی ناگزیر ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ دنیا فضلات کے ایندھن کے عہد سے آگے نکل رہی ہے۔







