چندریان 2: وکرم لینڈر سے رابطے کی کوششیں جاری

تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, ابھیمنیو کمار ساہا
    • عہدہ, نمائندہ بی بی سی

انڈیا میں خلائی تحقیقاتی ادارے آئی ایس آر او کا کہنا ہے کہ اسے چاند کی سطح پر وکرم لینڈر سے منسلک چیزوں کی تصاویر ملی ہیں۔

جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب انڈیا کی چاند گاڑی وکرم لینڈر چاند کی سطح سے صرف 2.1 کلومیٹر کے فاصلے پر تھی جب اس کا گراؤنڈ سٹیشن سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

تاہم اتوار کو خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو دیے گئے بیان میں ادارے کے سربراہ کے سیون نے کہا 'ہمیں چاند کی سطح پر لینڈر کی تصویر مل گئی ہے۔ چاند کے گرد گردش کرنے والے آربیٹر نے وکرم لینڈر کی تھرمل تصاویر لی ہیں۔'

یہ بھی پڑھیے

آئی ایس آر او کے سربراہ نے یہ بھی کہا ہے کہ چندریان 2 میں نصب کیمروں نے لینڈر کے اندر ’پرگیان‘ روور کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ یہ وہ گاڑی ہے جو وکرم لینڈر سے نکل کر چاند کی سطح پر چل کر معلومات اکٹھی کر سکتی ہے۔

آئی ایس آر او کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ زور دار لینڈنگ کے باوجود ’چاند گاڑی کے ٹکڑے نہیں ہوئے لیکن یہ ٹیڑھی حالت میں ہے۔‘

انڈیا چاند گاڑی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ادھورا خواب پورا ہو گا؟

ان سب باتوں کے بعد اب یہ امید کی جارہی ہے کہ انڈیا کا جو خواب جمعے کی رات کو ادھورا رہ گیا تھا شاید پورا ہو جائے۔

کے سیون نے کہا ہے کہ آئی ایس آر او مسلسل وکرم لینڈر کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اگرچہ سائنسدانوں کی اس کی بہت کم توقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر دوبارہ رابطہ ہوا تو یہ انتہائی حیرت انگیز بات ہوگی۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

سائنسدان گوہر رضا نے بی بی سی کو بتایا 'یہ بہت مشکل ہے۔ رابطے میں آنے کے لیے لینڈر کو چاند کی سطح پر مناسب طریقے سے اترنے کی ضرورت ہے۔ نہ صرف یہ کہ اس کے پاؤں سطح پر ہوں اور اس کا وہ حصہ کام کرے جس سے ہمارا رابطہ ختم ہوگیا۔

'دوسری اہم بات یہ ہے کہ لینڈر کو ایسی حالت میں ہونا چاہیے کہ وہ 50 واٹ بجلی پیدا کر سکے اور اس کے شمسی پینل کو سورج کی روشنی مل رہی ہو۔'

وہ لینڈر کے ساتھ دوبارہ رابطے کے متعلق بہت پر امید نہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ 'اگر دوبارہ رابطہ ہوا تو یہ حیرت انگیز ہوگا۔‘

چندریان 2

،تصویر کا ذریعہGetty Images

لینڈر محفوظ ہے یا گر کر تباہ ہو گیا ہے؟

ایک سوال یہ بھی پیدا ہو رہا ہے کہ آیا لینڈر گر کر تباہ ہوا ہے یا محفوظ پوزیشن میں ہے۔

سائنسدان گوہر رضا کہتے ہیں 'اتوار کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق لینڈر مکمل طور پر ٹوٹا نہیں۔ اگر ٹوٹ کر بکھر گیا ہوتا تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ لینڈر کی تصاویر لی گئی ہیں۔'

ہارڈ لینڈنگ میں لینڈر کو کتنا نقصان پہنچا اس کے متعلق کے سیون نے واضح طور پر کچھ نہیں بتایا ہے۔

وکرم کی آرٹ والی تصویر

،تصویر کا ذریعہisro

سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس کی رفتار میں اتنی کمی واقع ہوگئی تھی کہ سطح سے ٹکرانے کے بعد لینڈر مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا۔

گوہر رضا کہتے ہیں 'اس کا یہ مطلب بھی ہے کہ اس کی رفتار اس وقت تک کم ہوتی رہی جب تک کہ وہ چاند کی سطح پر اتر نہیں گیا۔'

آربیٹر سے لی جانے والی تصاویر کے تجزیے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ لینڈر کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔

آخری منٹ میں کیا ہوا ہوگا؟

اس سوال کے جواب میں گوہر رضا کا کہنا ہے کہ 'جب لینڈر سے ہمارا رابطہ 2.1 کلومیٹر پر ختم ہوگیا اس وقت سے چاند کی سطح پر پہنچنے تک کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

'اب جبکہ ہمارے پاس لینڈر کی تصاویر آچکی ہیں تو یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آخری لمحوں میں کیا ہوا ہوگا۔'

ابھی تک سائنسدانوں کا یہ خیال ہے کہ آخری لمحات میں لینڈر کی رفتار پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ لینڈر کو مقررہ رفتار سے اتارنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے تاکہ اسے کوئی نقصان نہ ہو اور اس کے پیر سطح پر ٹھیک سے پڑیں۔

آربیٹر

،تصویر کا ذریعہISRO.GOV.IN

رفتار پر کنٹرول

سافٹ لینڈنگ کے لیے لینڈر کی رفتار 21 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ سے سات کلو میٹر فی گھنٹہ کرنا تھی۔ کہا جارہا ہے کہ آئی ایس آر او سے سپیڈ کنٹرول نہیں ہوئی اور لینڈر آہستہ سے اتر نہیں سکا۔

لینڈر کے چاروں جانب چار راکٹ یا انجن لگے تھے جنھیں رفتار کم کرنے کے لیے فائر یعنی شروع کیا جانا تھا۔ جب یہ اوپر سے نیچے آرہا ہوتا ہے اس وقت ان راکٹ کو نیچے سے اوپر کے لیے فائر کیا جاتا ہے تاکہ رفتار پر کنٹرول حاصل کیا جاسکے۔

آخر میں لینڈر کے بیچ میں نصب پانچویں راکٹ کو فائر کیا جانا تھا تاکہ 400 میٹر کی بلندی کے بعد رفتار صفر تک آ جائے اور لینڈر آرام سے چاند کی سطح پر اتر سکے۔ لیکن ایسا نہیں ہو سکا اور رابطہ دو کلومیٹر قبل ہی منقطع ہو گیا۔

کے سیون

،تصویر کا ذریعہGetty Images

یہ سات سال تک کس طرح کام کرے گا؟

آئی ایس آر او کے سربراہ کے سیون نے سنیچر کو سرکاری ٹی وی ڈی ڈی نیوز کو دیے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ چندریان 2 کا آربیٹر سات سال تک کام کر سکے گا۔ اگرچہ اس کا ہدف صرف ایک سال تک کام کرنے کا ہے۔

یہ کس طرح ہوگا، اس سوال کے جواب میں گوہر رضا نے کہا کہ آربیٹر، لینڈر اور روور کے کام کرنے کے لیے دو طرح کی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

ان چیزوں کو چلانے کے لیے برقی توانائی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے آلات پر شمسی پینل یا سولر پینل لگائے گئے ہیں تاکہ سورج کی کرنوں سے انھیں توانائی حاصل ہوتی رہے۔

لینڈر اور روور کی سمت کو تبدیل کرنے کے لیے دوسری طرح کی توانائی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ضرورت کو ایندھن کے بغیر پورا نہیں کیا جاسکتا۔

’ہمارے آربیٹر میں ابھی بھی اتنا ایندھن باقی ہے کہ وہ سات برسوں تک کام کر سکے گا۔‘